کراچی میں پی ایس ایل 11 کا میلہ سج گیا، نیشنل بینک اسٹیڈیم میں سنسنی خیز مقابلوں کا آغاز

بدھ 8 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایکشن سے بھرپور پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا رنگا رنگ مرحلہ کراچی میں شروع ہو گیا، جہاں نیشنل بینک اسٹیڈیم میں 8 اپریل سے 28 اپریل تک مجموعی طور پر 22 میچز کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کا آغاز بدھ کے روز پشاور زلمی اور حیدر آباد کنگز مین کے درمیان میچ سے ہوگا، جو کراچی میں اس سیزن کا پہلا مقابلہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان سپر لیگ 11: جیسن گلیسپی حیدرآباد فرنچائز کے ہیڈ کوچ مقرر

ٹورنامنٹ کا چوتھا ڈبل ہیڈر جمعرات کو کھیلا جائے گا، جس کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے ہوں گے، جبکہ شام کے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے۔

اب تک ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن کے بعد ملتان سلطانز، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز بالترتیب پہلی چار پوزیشنز پر موجود ہیں، جبکہ حیدر آباد کنگز مین اور راولپنڈیز کو اب تک اپنی پہلی جیت کا انتظار ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق نیشنل بینک اسٹیڈیم 2018 سے 2025 تک پی ایس ایل کے 75 میچز کی میزبانی کر چکا ہے، جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ 17 فتوحات کے ساتھ سب سے کامیاب ٹیم رہی ہے۔ کراچی کنگز نے 14 جبکہ پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز نے 11، 11 میچز جیتے ہیں، جبکہ لاہور قلندرز کے نام اس میدان میں 10 کامیابیاں ہیں۔

کراچی میں پی ایس ایل کے اس مرحلے سے شائقین کرکٹ کو مزید دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp