امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ بندی کے اعلان سے چند گھنٹے قبل پریڈکشن مارکیٹ پلیٹ فارم Polymarket پر ہونے والی غیر معمولی اور درست بیٹنگ نے عالمی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے جہاں متعدد اکاؤنٹس نے حیران کن طور پر بروقت شرطیں لگا کر بھاری منافع کمایا جس کے بعد اندرونی معلومات کے ممکنہ استعمال پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
دستیاب بلاک چین ڈیٹا، جس کا تجزیہ کرپٹو اینالیٹکس پلیٹ فارم Dune کے ذریعے کیا گیا سے ظاہر ہوتا ہے کہ کم از کم 50 نئے اکاؤنٹس نے 7 اپریل کو ٹرمپ کے جنگ بندی کے اعلان سے چند گھنٹے قبل بڑے پیمانے پر ‘Yes’ بیٹس لگائیں۔ یہ تمام اکاؤنٹس اسی دن یا اس سے ایک روز قبل بنائے گئے تھے، اور ان کی یہ پہلی ٹریڈنگ سرگرمی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مودی کو اسلام آباد مذاکرات کے لیے ویٹر کی نوکری مل گئی‘، جنگ بندی کے بعد سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان
اعداد و شمار کے مطابق ایک اکاؤنٹ جو 7 اپریل کی صبح قائم کیا گیا نے تقریباً 72 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور بعد ازاں 2 لاکھ ڈالر تک منافع حاصل کیا۔ اسی طرح ایک اور صارف جس نے 6 اپریل کو اکاؤنٹ بنایا اس نے 1 لاکھ 25 ہزار ڈالر سے زائد کمائے۔ ایک تیسرے اکاؤنٹ نے جو اعلان سے محض 12 منٹ قبل بنایا گیا تقریباً 32 ہزار ڈالر کی بیٹنگ سے اندازاً 48 ہزار ڈالر منافع حاصل کیا۔
یہ تمام بیٹس ایسے وقت میں لگائی گئیں جب جنگ بندی کے امکانات کم دکھائی دے رہے تھے اور صدر ٹرمپ کا مؤقف سخت ہوتا جا رہا تھا۔ انہوں نے اسی روز ایران کو سخت نتائج کی دھمکی بھی دی تھی جس کے باعث مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پائی جا رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: آج شہباز شریف نہیں ’شاباش شریف‘، کامیاب سفارتکاری پر پاکستانی فنکار بھی میدان میں
ماہرین کے مطابق اس غیر معمولی ٹریڈنگ پیٹرن سے شبہ پیدا ہوتا ہے کہ کچھ سرمایہ کاروں کو پیشگی معلومات حاصل تھیں۔ تاہم یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بعض صارفین نے ٹرمپ کے سابقہ طرزِ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے اندازہ لگایا ہو کہ وہ اپنی دھمکیوں سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔
امریکی رکن کانگریس بلیک مورے نے کہا کہ یہ بہت کم امکان ہے کہ یہ ایماندارانہ ٹریڈز ہوں زیادہ امکان یہ ہے کہ یہ اندرونی معلومات رکھنے والے لوگ ہیں۔ جب تک کوئی ضابطہ نہیں ہوگا سرکاری یا فوجی اہلکار اپنی معلومات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’آج پاکستان سے باہر پاکستانی کہلوانے پر الگ ہی خوشی ہے‘، ایران-امریکا جنگ بندی کے بعد بیرون ملک پاکستانیوں کے جذبات دیدنی
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن میں عالمی سیاسی یا عسکری پیش رفت سے قبل مخصوص اکاؤنٹس نے بڑی مالیت کی بیٹنگ کر کے بھاری منافع حاصل کیا جس سے پریڈکشن مارکیٹس کی شفافیت پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔














