سانحہ 9 مئی کا سرغنہ نشان عبرت بن کر رہے گا، مریم نواز کی عمران خان پر تنقید

پیر 5 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میرا کشمیریوں کے ساتھ خون کا رشتہ ہے۔

آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کشمیری شہدا اور وطن کی حفاظت کرنے والے فوجی جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ جو لوگ ہمارے شہدا کی بے حرمتی کرتے ہیں ہم بھی ان کا احترام نہیں کریں گے کیوں کہ جو شہدا کی یادگاروں کو آگ لگائے وہ ہم میں سے نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھیں 3، 4 ججز کو ہٹا دیں تو عمران خان کی مقبولیت ختم ہو جائے گی، مریم نواز

چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہا کہ جو شہدا کے مجسموں کو اٹھا کر زمین پر پھینک کر توڑ دے وہ ہم میں سے نہیں ہو سکتا۔ اگر وہ ہم میں سے نہیں تو پھر وہ پاکستانی بھی نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی جتنا بھی غصے میں کیوں نہ ہو اپنے گھر کو آگ نہیں لگاتا۔ 9 مئی کو پاکستان کے طول و عرض میں جو کچھ ہوا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

مریم نواز نے عمران خان نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے بعد بنکر میں چھپ کر بیٹھنے والا نشان عبرت بنے گا۔

ہم شہدا کے خاندانوں کے سامنے آنکھ اٹھانے کے قابل نہیں

انہوں نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کی سیاست سے ایک ہی شخص یاد آتا ہے۔ اس وقت تو ہم شہدا کے خاندانوں کے سامنے آنکھ اٹھانے کے قابل نہیں ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ 2021 میں دھاندلی کے ذریعے جس جماعت کو آزادکشمیر میں اقتدار پر مسلط کیا گیا تھا وہ جہاں سے آئی تھی وہیں چلی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو جماعت نواز شریف کی سیاست کو ختم کرنے کا پلان بنا رہی تھی وہ آج کرچی کرچی ہو چکی ہے۔ آج آزادکشمیر کا سابق وزیراعظم خود بتا رہا ہے کہ سانحہ 9 مئی پلان کے تحت کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں نوجوانوں اور خواتین کو اپنے بہتر مستقبل کے لیے درست سیاسی فیصلے کرنا ہوں گے: مریم نواز

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے کئی دشمن آئے اور چلے گئے مگر وہ تو بار بار اقتدار میں آتا رہا، ہمارے قائد نے بد ترین وقت دیکھا مگر وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دی۔

چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہا کہ جو کہتا تھا میں ان کو رلاؤں گا وہ آج خود صبح، دوپہر، شام اور رات کو رو رہا ہے جبکہ مسلم لیگ ن آج بھی ڈٹ کر کھڑی ہے۔

نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے ملک نے ترقی کی

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب جب اقتدار میں آتا ہے ملک بھر میں ہر جگہ ترقی کا نشان نظر آتا ہے۔ عوام بتائے کہ موٹروے پر سفر کرتے وقت کس کا نام یاد آتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارے سابق وزیراعظم اور وزرا یہاں پر موجود ہیں کسی پر بھی بد عنوانی کا کوئی الزام نہیں لگا، جتنا بھی بجٹ تھا عوام کی تعمیرو ترقی پر خرچ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آج آزاد کشمیر میں جہاں بھی چلے جاؤ پختہ سڑکیں نظر آتی ہیں۔ باغ میں دل کے جس اسپتال کا اعلان ہوا تھا وہ نہیں بن سکا آپ مشتاق منہاس کو ووٹ دیں میں ان کے ساتھ مل کر اسپتال بنوا کر دوں گی۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان چاہتے ہیں الیکشن جلد ہوں بعد میں جتوانے والا کوئی نہیں ہو گا، مریم نواز

مریم نواز نے باغ کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دل پر ہاتھ رکھ کر سوچنا کہ آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی کس کے دور میں ہوئی اس لیے مہر شیر پر ہی لگانی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب آزاد کشمیر کے طول عرض میں نواز شریف کا نام گونجے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp