وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے بجٹ میں بڑے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اتوار 5 جون کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے معاشی چیلنجز کے باوجود غریب اور متوسط طبقے کے لیے بجٹ میں خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے موجودہ وسائل کو بہترین انداز میں بروئے کار لا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ کسانوں کو کھاد پر براہِ راست سبسڈی پہنچانے کا دو ٹوک فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں بجٹ میں کون سی اشیا پر ٹیکس بڑھے گا؟
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کھاد پر سبسڈی براہ راست کسانوں تک پہنچانے کے لیے ایک جامع پلان تشکیل دے کر پیش کیا جائے۔ اس کے علاوہ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت مستحق کسانوں کے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں معاونت فراہم کرے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیوب ویلز کی سلورآئیزیشن سے ایندھن کا درآمدی بل کم ہوگا اور کسانوں کی فی ایکڑ پیداواری لاگت کم ہو گی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کی ہدایت
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی منڈی میں قیمتیں نیچے آتے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی۔ اس لیے ضروری ہے کہ قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر مستحق لوگوں کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔ کوئی بھی مستحق باہر نہیں رہنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں وفاقی بجٹ کاروبار اور تاجر دوست ہوگا، اسحاق ڈار
انہوں نے کہا کہ مستحق طلبا و طالبات کو وظائف سے اعلیٰ تعلیم و پیشہ ورانہ ہنر سے لیس کیا جائے گا۔ حکومت اس مقصد کے لیے پاکستان ایجوکیشن اینڈوومنٹ فنڈ کا قیام یقینی بنارہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم ہمیشہ کی طرح ملک کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، لیپ ٹاپ اور روزگار کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔ حکومت نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار و عصری تقاضوں کے مطابق ہنر فراہم کرے گی۔
یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر نوجوانون کو آسان شرائط پر قرض سے کاروبار میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سہولیات فراہم کرکے ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھائی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو فری لانسنگ اور پیشہ ورانہ تربیت سے لیس کرکے خود روزگاری میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ گزشتہ حکومت کے 4 سالہ سیاہ دور میں نوجوانوں میں نفرت و انتشار کے جذبات، ڈنڈے اور پیٹرول بم تھمائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بہترین طریقے سے بروئے کار لا کر ملک و قوم کی ترقی یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چھوٹے کاروبار اور چھوٹے پیمانے کی صنعت کی ترقی کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں آئندہ بجٹ میں آئی ٹی پروجیکٹس کے لیے 6 ارب روپے مختص
اجلاس میں وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، اسحاق ڈار، احسن اقبال، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، معاونِ خصوصی محمد جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری، معاونین خصوصی شزا فاطمہ اور قیصر شیخ کے علاوہ جدید فارمنگ کے ماہر احمد عمیر اور آئی ٹی کے شعبے سے آصف پیر نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔