سپریم کورٹ کا نظر ثانی درخواستوں پر نئے قانون سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ

منگل 6 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایم ڈی پی ٹی وی عطا الحق قاسمی فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے دائرنظرثانی اپیلوں کو نمبر لگانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست گزاروں کو نئے قانون کے تحت اپنے وکیل تبدیل کرنے کی اجازت دیدی۔

سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطا الحق قاسمی کی جانب سے وکیل اکرم شیخ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے وکیل سلمان بٹ کو پیش ہونے کی اجازت مل گئی ہے۔ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کو بھی نیا وکیل کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔

وکیل اکرم شیخ نے سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کو بتایا کہ نئے قانون کے مطابق نظر ثانی اپیلوں میں وہ ضمنی حقائق بتانا چاہتے ہیں۔ جسٹس عائشہ ملک بولیں؛ آپ کی نظر ثانی کی درخواست تو زیر التواء ہے۔ زیر التواء نظر ثانی میں ضمنی نکات متفرق درخواست کے ذریعے بھی جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

اس موقع پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال بولے؛ نیا قانون نافذ ہے آپ اس کے تحت درخواست دے سکتے ہیں۔ چاہیں تو نئے قانون کے مطابق نظر ثانی دائر کریں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے ایم ڈی پی ٹی وی کیس کا فیصلہ 184(3) کے تحت سنایا تھا لہذا درخواست گزاروں کو نئے قانون کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔

وکیل اکرم شیخ  نے شکایت کی کہ گزشتہ سماعتوں پر پیش ہونے کے باوجود ان کی حاضری نہیں لگائی گئی، جس پر چیف جسٹس بولے؛ ایسی بات نہ کریں جو نامناسب ہوں۔

کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp