امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں ’وال اسٹریٹ جرنل‘کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایلیٹ کافمین نے ایک مضمون لکھا جس کا عنوان تھا ’ایرانی ٹرمپ کو بے وقوف بنا رہے ہیں‘، تاہم ان کے بقول ایران نے گزشتہ 47 برسوں میں سوائے ان کے ہر امریکی صدر سے فائدہ اٹھایا۔
یہ بھی پڑھیے: ایران جنگ بندی میں توسیع پر اپنی اور فیلڈ مارشل کی طرف سے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وزیراعظم شہباز شریف
ٹرمپ نے کہا کہ ان کے دور میں ایران کی بحریہ تباہ ہوگئی، فضائیہ ختم ہوگئی، فضائی دفاعی نظام اور ریڈار ناکارہ بنا دیے گئے، جبکہ امریکی ’بی-2‘ بمبار طیاروں نے ایرانی جوہری لیبارٹریوں اور ذخیرہ گاہوں کو تباہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت کو بھی نقصان پہنچا، جن میں جنرل ’قاسم سلیمانی‘ بھی شامل تھے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق آبنائے ہرمز مکمل طور پر امریکی کنٹرول میں ہے اور ایرانی بندرگاہوں کی جانب کسی جہاز کو جانے کی اجازت نہیں، جس کے باعث ایران کو روزانہ 500 ملین ڈالر نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے سابق امریکی صدر ’براک حسین اوباما‘ پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ایران کو 1.7 ارب ڈالر نقد رقم اور سینکڑوں ارب ڈالر فراہم کیے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں ’روپرٹ مرڈوک‘ نے ’ایلیٹ کافمین‘ کو یہ مضمون اسی انداز میں لکھنے کے لیے کہا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’وال اسٹریٹ جرنل‘ اپنی ساکھ کھو چکا ہے اور اب یہ مطالعہ کے قابل نہیں رہا۔














