پنجاب حکومت اب اپنی سرگرمیوں کو صرف اپنے صوبے تک محدود رکھنے کے بجائے بلوچستان میں بھی عملی اقدامات کررہی ہے، جس سے دونوں صوبوں کے درمیان روابط میں بہتری اور اعتماد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
حالیہ مہینوں میں تعلیم، صحت اور سیکیورٹی کے شعبوں میں کیے گئے اقدامات اس بدلتی ہوئی حکمت عملی کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب کا بلوچستان کے طلبا کے لیے 470 وظائف کا اعلان، تعلیمی مواقع میں اضافہ
سرکاری حکام کے مطابق پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت بلوچستان کے 460 سے زیادہ طلبہ کے لیے اسکالرشپس کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ اسکالرشپس میٹرک، انٹرمیڈیٹ اور بی ایس سطح کے طلبہ کے لیے مختص ہیں، جن کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور انہیں قومی دھارے میں مزید مؤثر انداز میں شامل کرنا ہے۔
اسی طرح پنجاب حکومت کی جانب سے فرنٹیئر کور بلوچستان کے لیے ضروری سازوسامان کی فراہمی کا اعلان بھی کیا گیا، جسے سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کی اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
اس اقدام کو صوبے میں امن و امان کی بہتری کی کوششوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جہاں سیکیورٹی اداروں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہمیشہ سے محسوس کی جاتی رہی ہے۔
صحت کے شعبے میں بھی ایک نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں کوئٹہ کے شیخ زید اسپتال میں ایک جدید کارڈیک وارڈ قائم کیا گیا ہے۔ اس وارڈ سے دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو مقامی سطح پر بہتر علاج کی سہولیات میسر آئی ہیں، جبکہ اس کا نام سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پنجاب حکومت کے یہ اقدامات محض فلاحی نوعیت کے نہیں بلکہ ایک وسیع تر سیاسی و سماجی حکمت عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد بلوچستان کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانا اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کا بلوچستان کے طلبہ کے لیے 460 اسکالرشپس کا اعلان، اسکالر شپ کا طریقہ کار کیسے ہوگا؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا گیا تو نہ صرف بلوچستان کے عوام کو براہ راست فائدہ ہوگا بلکہ قومی یکجہتی بھی مزید مستحکم ہو سکے گی۔











