ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ: دوسرے روز کے اختتام پر کینگروز بھارت پر حاوی

بدھ 7 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان جاری آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں دوسرے روز بھی کینگروز کی ٹیم بھارتی ٹیم پر حاوی رہی۔
دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بھارت نے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے 469 رنز کے جواب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔

اجینکیا رہانے 29 اور سریکار بھارت 5 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے، روہت شرما 15، شبمن گل 13، پجارا اور ویرات کوہلی 14،14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے صرف رویندرا جدیجا سب سے زیادہ 48 رنز کی اننگز کھیل سکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک، کمنز، بولینڈ، کیمرون گرین اور نیتھن لائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت کو 469 رنز کے تعاقب میں مزید 318 رنز بنانے ہوں گے۔

انگلینڈ کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں آج تیسرے دن کا کھیل جاری ہے۔

پہلے روز کا کھیل

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے پہلے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنا لیے، ٹریوس ہیڈ
کے شاندار 146 اور اسٹیو اسمتھ نے 95 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلین اوپنر عثمان خواجہ محمد سراج کی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ وارنر، شر دُل ٹھاکرکی گیند پر 43 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ لیبوشین 26 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ٹریوس ہیڈ نے 146 اور اسٹیو اسمتھ نے 95 رنز بنا رکھے ہیں، بھارت کی جانب سے محمد سراج، شر دُل ٹھاکر اور شامی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

اس سے قبل آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان شروع ہوگیا، اوول کرکٹ گراؤنڈ میں جاری میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل شروع ہوچکا ہے۔

آسٹریلین ٹیم کے پلیئنگ اسکوڈ میں ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لیبوشین، سٹیون سمتھ، ٹراوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، کپتان پیٹ کمنز، نیتھن لیون، اسکاٹ بولین شامل ہیں۔

بھارت کے پلیئنگ الیون اسکواڈ میں کپتان روہت شرما، شبمان گل، شتیشور پوجارہ، ویرات کوہلی، اجنکیا راہنے، سریکار بھارت، رویندرا جدیجا، شردل ٹھاکر، امیش یادیو، محمد شامی اور محمد سراج شامل ہیں۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل آج 7 جون سے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا، فائنل جیتنے والی ٹیم کو 16 لاکھ ڈالرز جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 8 لاکھ ڈالرز انعامی رقم ملے گی۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ بھارتی ٹیم  دوسری مرتبہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیل رہی ہے، 2021 میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دی تھی۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم موسم کی صورت حال سے بخوبی واقف ہیں، ہم نے آئندہ 5 دنوں کا لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔

’آسٹریلین باؤلرز خطرناک ہیں، ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔‘

دوسری جانب آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ بھارتی ٹیم میں بیٹرز اور باؤلرز اچھی فارم میں ہیں، انڈین پریمیئز لیگ (آئی پی ایل) کے دوران بہت سے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو دیکھا ہے۔

’نیوٹرل وینیو میں مقابلے کا مزہ آئے گا دونوں ٹیموں میں بہترین کھلاڑی ہیں، آخری دم تک لڑیں گے۔‘

آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق سابق پاکستانی کپتان اور فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں آسٹریلیا کو حاوی قرار دیا ساتھ ہی بھارتی فاسٹ باؤلرز کو ایک اہم مشورہ بھی دیا۔

سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے بھارتی فاسٹ باؤلرزکو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ نئی گیند سے پریشان نہ ہوں اور آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر کے خلاف تحمل سے کام لیں۔

آسٹریلین سابق کپتان رکی پونٹنگ نے بھی آسٹریلیا کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پچ کی صورتحال آسٹریلیا کے حق میں دکھائی دے رہی ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تو آسٹریلیا اور بھارت کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا جائے گا، 12 جون فائنل کا ریزرو ڈے ہو گا۔ 5 دنوں میں ضائع ہونے والے کھیل کے لیے ایک ریزرو ڈے استعمال کیا جا سکے گا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کی قیادت پیٹ کمنز اور بھارت کی قیادت روہت شرما کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp