مکہ مکرمہ: قرآن پاک کا 1623 میں شائع ہونے والا پہلا نادر جرمن ترجمہ نمائش کے لیے پیش

اتوار 26 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مکہ مکرمہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع قرآن کریم میوزیم میں قرآن پاک کے جرمن زبان میں کیے گئے پہلے نادر ترجمے کا نسخہ نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مکہ مکرمہ کا ’العمودی میوزیم‘ سیاحوں کے لیے کیوں پُرکشش مقام ثابت ہو رہا ہے؟

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ تاریخی نسخہ 1623 میں جرمن شہر نیورمبرگ میں شائع ہوا تھا۔ اسے اب میوزیم کے اس مجموعے کا حصہ بنایا گیا ہے جو صدیوں پر محیط قرآن کریم کی تاریخ اور مختلف زبانوں میں ہونے والے تراجم کی دستاویزی حیثیت کو اجاگر کرتا ہے۔

 یہ نسخہ اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ یہ غیر عربی داں طبقے، بالخصوص یورپی حلقوں میں قرآن پاک کے پیغام کو سمجھنے کی ابتدائی کوششوں کا ایک بڑا ثبوت ہے۔

یہ نایاب نسخہ شاہ فہد نیشنل لائبریری کے ذخیرہ کتب کا حصہ ہے، جو قومی اور سائنسی ورثے کی حفاظت کے لیے وقف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے مہمانوں کا کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس کا دورہ

 لائبریری نے اسے محققین اور زائرین کے لیے دستیاب کر کے عالمی سطح پر مملکت کی ثقافتی موجودگی کو مزید مستحکم کیا ہے۔

میوزیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس نمائش کا مقصد زائرین کے تجربے کو یادگار بنانا اور قرآن کریم سے متعلق ان تاریخی خزانوں کو سامنے لانا ہے جو اس عظیم کتاب کے ایک عالمی ذریعہ ہدایت ہونے کی گواہی دیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp