جہانگیر ترین کی ’استحکام پاکستان پارٹی‘ میں کون کون شامل ہوا؟

بدھ 7 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیئر سیاستدان جہانگیرترین کی نئی سیاسی جماعت کے معاملات حتمی مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں، اہم ترین سینیئر قیادت لاہور پہنچ چکی ہے، نئی سیاسی جماعت کی تشکیل، نام اوردیگر امور کو حتمی شکل دے دی گئی۔

پنجاب کے سابق سینیئر وزیر عبدالعلیم خان کی جانب سے اپنی رہائشگاہ پر عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک بھر سے سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی اور نئی سیاسی جماعت کا اعلان کیا گیا۔

سندھ سے عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، جے پرکاش شامل تھے جبکہ فاٹا سے جی جی جمال، خیبر پختونخوا سے اجمل وزیر شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ پنجاب سے فواد چوہدری، مراد راس، فیاض الحسن چوہان، فرودس عاشق اعوان، نعمان لنگرٹیال، نوریز شکور شامل تھے۔

اس حوالے سے عون چوہدری نے بتایا ہے کہ جہانگیر ترین کی نئی پارٹی کا نام ’استحکام پاکستان پارٹی‘ ہو گا۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق عشائیہ میں پارٹی رہنماؤں کو نام بتا دیا گیا ہے جبکہ جمعے تک باضابطہ پریس کانفرنس متوقع ہے۔

نئے جذبے کے ساتھ میدان میں نکل پڑے ہیں، فردوس عاشق اعوان

اس موقع پر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کو مشکلات سے نکال کر استحکام کی طرف لے کر جانا ہے اور آج اس کی اینٹ رکھ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے حقیقی پاکستان کے خواب کو آنکھوں میں سجائے ایک بار پھر نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ نکل پڑے ہیں۔ موجودہ صورت حال میں ایک ایسی سیاسی جماعت کی ضرورت تھی جو ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے۔

جہانگیر ترین معاملات طے کرنے میں مصروف

 جہانگیرترین  تحریک انصاف چھوڑنے والے بڑے ناموں کے ساتھ آج شمولیت کے لیے معاملات طے کریں گے، آئندہ  48 گھنٹے میں جہانگیرترین کی جانب سے نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے باضابطہ پریس کانفرنس کا امکان ہے۔

شمولیت کرنے والے رہنماؤں کو بدھ کی رات لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی جس کے مطابق ملک بھر سے 100 کے قریب سیاسی رہنما لاہور پہنچے اور جہانگیر ترین سے ملاقات کر کے مستقبل کے سیاسی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ سابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نئی جماعت کے صدر ہوں گے جبکہ  جہانگیرترین نئی جماعت کے سرپرست اعلیٰ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اعوان نئی جماعت کی سیکرٹری اطلاعات کے فرائض سرانجام دیں گی۔ نئی جماعت کا سیکرٹری جنرل سندھ یا خیبر پختونخوا سے لیا جائے گا۔

بہاولپور سے مختلف اہم شخصیات نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر لیا ہے، جہانگیر ترین سے بہاولپور سے سجاد بخاری، تحسین گردیزی اور جہانزیب وارن نے ملاقات کی ہے۔

 تینوں رہنماؤں نے تحریک انصاف چھوڑ کر جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ جہانگیر ترین نے ترین گروپ جوائن کرنے والے رہنماؤں کو خوش آمدید کہا، اس موقع پر سابق ایم این اے مبین عالم انور بھی موجود تھے۔

جہانگیر ترین گروپ کا نئی پارٹی کے لیے 2 ناموں پر غور

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اور سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کے لیے 2 مجوزہ نام سامنے آئے تھے۔

ذرائع کے مطابق ترین گروپ نے نئی سیاسی جماعت کے لیے ’عوام دوست پارٹی‘ اور ’پاکستان انصاف پارٹی‘ کے ناموں پر بھی غور کیا تا ہم ان میں سے ایک نام بھی فائنل نہ ہو سکا۔

نئی سیاسی جماعت میں کون کون شامل

سینیئر سیاست دان جہانگیر خان ترین نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کیا، پی ٹی آئی کے متعدد سابق رہنما جاہنگیر خان ترین کے ساتھ شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں نے جہانگیر ترین کے ساتھ شمولیت کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے جبکہ 100 سے زائد رہنماؤں کے ساتھ رابطے اور ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں۔

علیم خان، فردوس عاشق اعوان اور ہاشم ڈوگر سمیت خیبر پختونخوا سے بھی لوگ جہانگیر ترین کے گروپ میں شامل ہو چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp