جنگ کے خاتمے کے لیے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کے کردار کو سراہتے ہیں، ایرانی سفیر

پیر 27 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی قیادت کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

اپنے ایک بیان میں ایرانی سفیر نے حکومتِ پاکستان، مسلح افواج اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی وفد کے دورے کے دوران سیکیورٹی، منصوبہ بندی اور انتظامات بہترین رہے، جو پاکستانی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں کی جانے والی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ایرانی سفیر نے پاک فوج، سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر سرکاری اداروں کے عملے کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جبکہ اسلام آباد کے شہریوں کی مہمان نوازی اور تعاون کو بھی قابل قدر قرار دیا۔

انہوں نے پاکستان کو برادر، قریبی دوست اور ہمسایہ ملک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp