پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سربراہی کے لیے ذکا اشرف بھی متحرک ہوگئے، ذکاء اشرف نے پیپلز پارٹی کے وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری سے اہم ملاقات کی جس کے بعد وفاقی وزیراحسان مزاری نے ذکا اشرف کا نام وزیر اعظم کو بھجوا دیا۔
ذکا اشرف نے وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری سے ملاقات میں پی سی بی کی سربراہی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، جس کے بعد وفاقی وزیر نے ذکا اشرف کو پی سی بی کی سربراہی کے لیے معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے وزیر اعظم کو ذکا اشرف کا نام تجویز کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزارت ہماری ہے اس لیے چیئرمین پی سی بی بھی ہمارا ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر احسان مزاری سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیٸرمین ذکا اشرف کی ملاقات کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے آٸندہ کے سیٹ اپ سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی۔
وفاقی وزیر احسان مزاری نے کہا کہ نیا سیٹ اپ کرکٹ کی ترقی اور خوشحالی کیلٸے کام کرے گا، کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے، ذکا اشرف نے بطور پی سی بی چیٸرمین اپنے دور میں شاندار خدمات سر انجام دی ہیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے آغاز میں ذکا اشرف کا کلیدی کردار رہا ہے، انکو دوبارہ موقع دیا گیا تو پی ایس ایل دنیا کی بہترین کرکٹ لیگ بنے گی۔
احسان مزاری نے چوہدری ذکا اشرف کیلٸے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پی سی بی کی سربراہی کے لیے انکا نام وزیر اعظم کو بھجوا دیا۔