نوبیل امن انعام 2026 کے لیے 287 نامزدگیاں موصول، ٹرمپ، زیلینسکی اور گریٹا تھنبرگ بھی شامل

جمعرات 30 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ناروے کے نوبیل انسٹیٹیوٹ نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ رواں سال کے نوبیل امن انعام کے لیے مجموعی طور پر 287 نامزدگیاں موصول ہوئی ہیں۔

ادارے کے مطابق ان میں 208 افراد اور 79 تنظیمیں شامل ہیں، تاہم نامزد افراد اور اداروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: نوبیل امن انعام کون جیت سکتا ہے اور فیصلہ کیسے ہوتا ہے؟

ادارے کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ تعداد 2016 میں سامنے آنے والی ریکارڈ 376 نامزدگیوں سے کم ہے، لیکن پھر بھی یہ شرح مسلسل بلند رہی ہے۔

ایک بیان میں کہا گیا کہ دنیا میں بڑھتے ہوئے تنازعات کے باوجود ایسے امیدواروں کی کمی نہیں جو اصولی وابستگی اور جدت پر مبنی اقدامات کے ذریعے بہتر مستقبل کی راہ دکھا رہے ہیں۔

نوبیل کے قواعد کے مطابق نامزد افراد کی شناخت 50 برس تک خفیہ رکھی جاتی ہے، تاہم سابق انعام یافتگان، ارکان پارلیمان، وزرا اور بعض جامعات کے پروفیسرز پر مشتمل نامزدگی کا حق رکھنے والے افراد اپنی جانب سے پیش کیے گئے نام ظاہر کر سکتے ہیں۔

رواں سال 9 اکتوبر کو اعلان کیے جانے والے اس انعام کے لیے سامنے آنے والے چند ناموں میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی، سوئیڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور عالمی فوجداری عدالت شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:امنِ عالم میں کردار: سابق فوجیوں کی تنظیم کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا مطالبہ

متعدد افراد نے یہ بھی کہا ہے کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نامزد کیا ہے، جنہوں نے گزشتہ برس 8 جنگوں کو روکنے کی اپنی کوششوں کے حوالے سے امن انعام حاصل کرنے کے لیے بھرپور مہم چلائی تھی۔

تاہم اس وقت نوبیل کمیٹی نے وینزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا مچاڈو کو اس اعزاز سے نوازا تھا، جس پر ٹرمپ نے اپنی ناراضی کا اظہار بھی کیا تھا۔

بعد ازاں مچاڈو نے اپنا انعام صدر ٹرمپ کے نام منسوب کیا اور ایک غیر معمولی اقدام کے طور پر جنوری میں انہیں اپنی میڈل بھی پیش کر دی۔

مزید پڑھیں: نوبیل امن انعام پانے والی ماریا کورینا اسرائیل کی طرف دار نکلیں، بین الاقوامی تنقید کا سامنا

تاہم نوبیل امن انعام کمیٹی نے واضح کیا کہ میڈل بذاتِ خود انعام نہیں ہوتا اور یہ اعزاز اس شخصیت سے جدا نہیں کیا جا سکتا جسے یہ دیا گیا ہو۔

ادارے کے مطابق ہر سال 31 جنوری تک نامزدگیاں جمع کرائی جاتی ہیں، تاہم کمیٹی کے اراکین آخری تاریخ کے بعد ہونے والے پہلے اجلاس میں مزید نام بھی شامل کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp