وزیراعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان سے ازبکستان کے ناوئی ریجن کے گورنر نورمت ترسنوف نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختایف، سیکرٹری صنعت و پیداوار، سیکرٹری فوڈ سمیت اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ہارون اختر خان نے ازبک وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان کے عوام کی جانب سے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان سے ازبکستان کو زندہ جانوروں کی برآمد کی تجویز زیر غور آئی، جبکہ ادویات، لیدر اور دیگر صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں جانب سے کاروباری روابط کے فروغ، گوشت کی برآمدات اور مجموعی دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا گیا۔
ہارون اختر خان نے وزیراعظم کے وژن کے مطابق تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور بتایا کہ وہ جلد ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ازبکستان کا دورہ کریں گے۔
ملاقات کے اختتام پر ہارون اختر خان کی جانب سے ازبک گورنر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ دونوں قیادتوں نے ایک دوسرے کے عوام اور حکومتی سربراہان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔













