وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ اسکیم: لکی ڈرا کے فاتحین کا اعلان، کسانوں میں موبائل فونز تقسیم

اتوار 3 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ زراعت پنجاب نے کسان کارڈ اسکیم کے تحت واجبات کی بروقت ادائیگی کرنے والے کاشتکاروں کے لیے منعقدہ لکی ڈرا کے خوش نصیب فاتحین کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ اس اسکیم کا مقصد کسانوں کو بلوں کی بروقت ادائیگی اور مالیاتی نظم و ضبط کی ترغیب دینا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، یہ قرعہ اندازی ان کسانوں کے لیے منعقد کی گئی جنہوں نے 25 اپریل 2026 تک کسان کارڈ کے ذریعے اپنے تمام واجبات ادا کردیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کسان کارڈ فیز ٹو کے تحت 100 ارب روپے کے بلاسود قرضے دینے پر اتفاق

لکی ڈرا میں مجموعی طور پر پانچ کسانوں کو موبائل فون کا فاتح قرار دیا گیا، جن میں میانوالی سے محمد طاہر اور سکندر حیات، شجاع آباد (ملتان) سے غلام شبیر، وزیر آباد سے محمد یوسف اور پپلن (میانوالی) سے ظفر اقبال شامل ہیں۔

زراعت کے حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے لکی ڈرا میں شامل ہونے کے لیے بل جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے۔ وہ تمام کاشتکار جو اس تاریخ تک اپنے واجبات ادا کر دیں گے، وہ لاکھوں روپے مالیت کے انعامات کے اگلے مرحلے میں خود بخود شامل ہو جائیں گے۔

محکمے کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ کسان کارڈ اسکیم کے تحت سود سے پاک زرعی قرضوں کی اگلی قسط کاشتکاروں کے کھاتوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق، جن کسانوں نے 20 اپریل تک اپنے بقایا جات کلیئر کر دیے تھے، انہیں نئی فنڈز کی فراہمی کر دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی زرعی سرگرمیاں بغیر کسی تعطل کے جاری رکھ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: کسان کارڈ کا اجرا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک ہزار ٹریکٹر دینے کا بھی اعلان

محکمہ زراعت نے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ کسان کارڈ اسکیم سے مسلسل مستفید ہونے اور لاکھوں روپے کے انعامات جیتنے کے لیے اپنے واجبات کی ادائیگی شیڈول کے مطابق یقینی بنائیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ واجبات کی بروقت کلیئرنس ہی کسانوں کو بلا تعطل مالی امداد اور دیگر مراعات کی فراہمی کا ضامن ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp