ون کانسٹیٹیوشن ایونیو معاملہ: وزیراعظم کی طرف سے قائم کی گئی کمیٹی کا پہلا اجلاس، سی ڈی اے کی بریفنگ

پیر 4 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو سے متعلق قائم کی گئی کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

کابینہ ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق اجلاس کے دوران کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے تفصیلی بریفنگ لی گئی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ: ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس میں پرائیویٹ کمپنی کی لیز منسوخی کے خلاف درخواست مسترد

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کل ہونے والے اجلاس میں بھی سی ڈی اے سے مزید حقائق حاصل کرے گی تاکہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق سی ڈی اے کے بعد منصوبے سے متاثرہ رہائشیوں کو بھی مقرر کردہ نمائندگان کے ذریعے سنا جائے گا، تاکہ تمام فریقین کی رائے شامل کی جا سکے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت جاری کی تھی کہ اس معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہراہِ دستور پر واقع کثیرالمنزلہ عمارت ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جس میں بی این پی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی لیز منسوخی کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی گئی۔

عدالت نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے 8 مارچ 2023 کو جاری کردہ لیز منسوخی کے حکم کو قانونی قرار دیتے ہوئے اسے برقرار رکھا۔ یہ تحریری فیصلہ چیف جسٹس محمد سرفراز ڈوگر نے جاری کیا۔

مزید پڑھیں: ون کانسٹیٹیوشن ایونیو معاملے پر حکومت کے خلاف تنقید بلاجواز

عدالت نے بی این پی لمیٹڈ کی جانب سے دائر ایگزیکیوشن پٹیشن بھی خارج کر دی، جبکہ عمارت میں سرمایہ کاری کرنے والے تیسرے فریق کی درخواستوں کو نمٹا دیا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ سرمایہ کار اپنے حقوق کے حصول کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp