بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے اعلان کیا ہے کہ 2024 کی عوامی تحریک کے دوران عبوری حکومت میں درج کیے گئے مقدمات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ حقیقی ملزمان کی نشاندہی کی جا سکے اور شفاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کے اجلاس کے بعد عثمانی میموریل آڈیٹوریم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں ایسے مقدمات سے متعلق ضلعی سطح پر تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔
وزیر داخلہ کے مطابق 5 اگست 2024 کو سابق حکومت کے خاتمے کے بعد درج ہونے والے متعدد مقدمات میں اجتماعی قتل اور انسانیت کے خلاف جرائم جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔ تاہم بعض کیسز میں ہزاروں افراد کو نامزد کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جس سے اندھا دھند نامزدگی پر تشویش پیدا ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے جولائی عوامی تحریک کے شرکا کو قانونی تحفظ دینے کی منظوری دیدی
انہوں نے کہا کہ حکومت ان مقدمات کی تصدیق کرے گی تاکہ اصل ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔ تفتیشی افسران شواہد کا جائزہ لے کر مقدمات کو جلد نمٹانے کی کوشش کریں گے، جبکہ جن افراد کو غلط طور پر نامزد کیا گیا ہے، انہیں ریلیف دینے کی سفارش کی جا سکتی ہے۔
صلاح الدین احمد نے واضح کیا کہ یہ عمل مکمل طور پر قانونی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے انجام دیا جائے گا۔ ضلعی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ معلومات جلد از جلد فراہم کریں، جبکہ غیر رسمی طور پر ایک ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب موجودہ حکومت رواں سال کے اوائل میں محمد یونس کی سربراہی میں قائم عبوری حکومت کے بعد سیاسی منتقلی کے تناظر میں قانونی معاملات کو منظم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔












