وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے فتح معرکۂ حق کا پہلا برس مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کی جرات، اتحاد اور غیر متزلزل عزم کی علامت ہے، جب پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔
مزید پڑھیں:’معرکۂ حق صرف جنگی فتح نہیں، پاکستان کی خودمختاری کی علامت ہے‘، اسپیکر پنجاب اسمبلی
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی تو وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے تحمل، ذمہ داری اور اصولی مؤقف کے ساتھ جواب دیا۔ ’آپریشن بنیان المرصوص‘ صرف عسکری کامیابی نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت پاکستان کے حقِ دفاع کا مظہر تھا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ جنرل عاصم منیر، اب فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز، کی قیادت میں پاکستان نے صرف جارح ملک کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا
انہوں نے مزید کہا کہ ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ نے متعدد بھارتی جنگی طیارے مار گرائے اور اہم فوجی اہداف کو تباہ کیا، جبکہ نوید اشرف کی سربراہی میں بحریہ مکمل طور پر الرٹ رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے واضح کردیا کہ وہ امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ جموں و کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ناگزیر ہے۔
مزید پڑھیں:وفاقی وزرا کی کمسن شہید ارتضیٰ عباس کے گھر آمد،معرکۂ حق کے ننھے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، سفارت کاری اور باہمی احترام پر یقین رکھتا ہے، تاہم وطن کو کسی بھی خطرے کی صورت میں پوری قومی یکجہتی اور قوت سے جواب دیا جائے گا۔














