معرکۂ حق کی تقریبات: اسلام آباد کی مختلف شاہراہیں جزوی طور پر بند رہیں گی

اتوار 10 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معرکۂ حق کی تقریبات کے پیش نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 10 مئی 2026 کے لیے خصوصی ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک شہر کی متعدد اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہے گی۔

مزید پڑھیں:یومِ معرکۂ حق پر پاکستان کی خودمختاری اور اتحاد کا عزم، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پیغام

پلان کے مطابق سری نگر ہائی وے اسلام آباد کو کوڑیانوالہ چوک سے پشاور موڑ تک دونوں اطراف سے بند رکھا جائے گا۔ اسی طرح اسلام آباد ایکسپریس وے فیض آباد سے خیابان چوک تک آمدورفت کے لیے بند رہے گی۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متبادل راستے استعمال کریں تاکہ غیر ضروری مشکلات سے بچا جا سکے۔ جاری کردہ پلان کے مطابق موٹروے اور اسلام آباد چوک سے بھارہ کہو یا مری جانے والے شہری 9ویں ایونیو اور کرنل شیر خان روڈ (IJP) کے ذریعے مری روڈ استعمال کریں۔

اسی طرح مری اور بھارہ کہو سے موٹروے کی جانب سفر کرنے والے افراد کو فیض آباد کے راستے IJP اور 9ویں ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریڈ زون اور ملحقہ سیکٹرز کے رہائشیوں کے لیے بھی مخصوص متبادل راستے تجویز کیے گئے ہیں جن میں مارگلہ روڈ اور جناح ایونیو شامل ہیں۔

مزید برآں، راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو IJP روڈ اور فقیر ایپی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ کورال چوک اور روات کی جانب جانے والی ٹریفک کے لیے بنی گالہ اور پارک روڈ کے متبادل راستے مقرر کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کل بھرپور قومی جوش و جذبے سے منائی جائے گی

ٹریفک حکام کے مطابق شام 3 بجے سے رات 12 بجے تک LTV گاڑیوں کو روات ٹی کراس سے راولپنڈی کی جانب موڑ دیا جائے گا، جبکہ صبح 4 بجے سے رات 12 بجے تک ہیوی ٹریفک (HTV) کا شہر میں داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تعاون کریں اور سفر سے قبل متبادل راستوں کی معلومات حاصل کر کے روانہ ہوں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp