برآمدات میں اضافے کے لیے متعلقہ صنعتوں کو سہولیات فراہم کی جائیں، وزیراعظم کی ہدایت

پیر 11 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ برآمدات پر مبنی صنعت ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی توجہ برآمدات میں اضافے اور صنعتی شعبے کو سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتیں جو برآمدات میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، ان کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے واضح لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

اسی طرح نئی صنعتوں اور کاروباروں کے فروغ کے لیے بھی جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی جو ملکی برآمدات میں اضافہ کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی صنعت اور تجارت میں تحقیق و ترقی اور جدت کو فروغ دینے سے مصنوعات کو عالمی منڈی میں مسابقت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو برآمدات میں اضافے کے لیے تیار کی گئی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی جبکہ پالیسی مسودے پر تفصیلی بحث بھی ہوئی، جس میں شرکا نے اپنی تجاویز اور آرا پیش کیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور دیگر نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp