اٹک: بہادر شہری نے جان قربان کرکے دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، خود کش حملہ آور ہلاک

پیر 11 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل کے قریب ایک بہادر شہری نے اپنی جان قربان کرکے مقامی آبادی کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوہاٹ کے قریب ایک مشتبہ شخص کھیتوں کے راستے آگے بڑھ رہا تھا، جسے ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور کے رہائشی لیاقت نے روک کر اس کی شناخت پوچھنے کی کوشش کی۔

اسی دوران مبینہ خودکش حملہ آور نے گھبراہٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں لیاقت شہید ہو گئے جبکہ حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق شہید لیاقت پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور کا ہدف بین الصوبائی علاقے میں قائم حساس چیک پوسٹ تک پہنچنا تھا، تاہم شہری کی بروقت بہادری نے ممکنہ بڑے جانی نقصان کو روک دیا۔

رپورٹس کے مطابق شہید لیاقت نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف چیک پوسٹ بلکہ اطراف میں موجود متعدد قیمتی جانوں کو بھی محفوظ بنایا۔

واقعے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ دہشتگرد عناصر شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز، پولیس اور عوام ان عزائم کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔

شہید لیاقت کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قوم ان کی بہادری اور قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp