انسدادِ منشیات فورس نے ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ 2 کروڑ 8 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کر لی گئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
مزید پڑھیں:انسدادِ منشیات فورس کی ملک گیر کارروائیاں: 365 کلو سے زائد منشیات برآمد، 8 ملزمان گرفتار
اے این ایف حکام کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 10 میں یونیورسٹی کے قریب ایک گاڑی سے 6 کلو چرس برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر کے سامان سے 1.3 کلوگرام زینیکس گولیاں برآمد کی گئیں، جبکہ اسلام آباد ٹول پلازہ سے گاڑی میں چھپائی گئی 14.4 کلوگرام چرس قبضے میں لی گئی۔
اسی طرح ہارو ٹول پلازہ اٹک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 7.2 کلوگرام چرس، ناظم آباد کراچی میں ایک پیٹرول پمپ کے قریب 6 کلو چرس، سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب 4.8 کلوگرام چرس اور ڈیڑھ کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے مطابق جی ٹی روڈ پشاور کے قریب فروٹ کے ڈبوں میں چھپائی گئی 8.4 کلوگرام چرس بھی پکڑی گئی، جبکہ دالبندین کی ظہور کالونی کے قریب گاڑی سے 140 کلوگرام افیون برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
مزید پڑھیں:انسدادِ منشیات فورس کی 3 بڑی کارروائیاں: منشیات برآمد، ملزمان کے خلاف مقدمات درج
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔














