بنگلہ دیش سے شکست کے بعد قومی ٹیم میں تبدیلیاں متوقع، سلمان علی آغا کو ٹیسٹ کپتان بنائے جانے کا امکان

ہفتہ 23 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عبرتناک شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ایک نئے بحران کا شکار ہوگئی ہے، شان مسعود کی جگہ سلمان علی آغا کو ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان بنانے کے لیے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کے بعد ٹیم میں اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے ٹیم مینیجر کی موجودگی میں کھلاڑیوں سے سخت گفتگو کی اور انہیں انفرادی کارکردگی کے بجائے ٹیم کے لیے کھیلنے کی تلقین کی۔

انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ انفرادی ریکارڈز کے ساتھ ساتھ مجموعی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ سرفراز احمد نے سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کرنے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں سینئرز کو آگے آنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر ٹیم کی ازسرِنو تعمیر پر توجہ دینے کا حکم دیا ہے۔

ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کے ایک دوسرے پر الزامات

بنگلہ دیش سے ہارنے کے بعد ڈریسنگ روم کا ماحول انتہائی کشیدہ ہو گیا جہاں کھلاڑیوں نے خراب نتائج کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈالنا شروع کردیا، بلے بازوں نے باؤلرز کی کارکردگی کو نشانہ بنایا، جبکہ باؤلرز نے بیٹنگ اور فیلڈنگ لائن پر سوالات اٹھائے۔

شان مسعود کی کپتانی پر شدید تحفظات

ہیڈ کوچ سرفراز احمد سیریز کے دوران ٹیسٹ کپتان شان مسعود کے کئی فیصلوں اور ان کی کپتانی سے سخت ناخوش دکھائی دیے۔ خود شان مسعود بھی سیریز میں اپنی ناقص کارکردگی کی وجہ سے شکست کے بعد خاموش رہے۔

رپورٹ کے مطابق سلہٹ ٹیسٹ میں ہارنے کے بعد کپتان اور دیگر کھلاڑیوں کے درمیان بات چیت انتہائی محدود ہو گئی تھی۔ وطن واپسی کے سفر کے دوران بھی کھلاڑیوں کے درمیان کوئی خاص رابطہ دیکھنے کو نہیں ملا اور شان مسعود اپنے خاندان کے ساتھ ہی مصروف رہے۔

سلمان علی آغا کے پاس قیادت آنے کی توقع

بنگلہ دیش کے خلاف مسلسل دوسری ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد اب قیادت میں تبدیلی ناگزیر نظر آ رہی ہے۔ توقع ہے کہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کو ایک رپورٹ پیش کریں گے جس میں سلمان علی آغا کو نیا ٹیسٹ کپتان بنانے کی سفارش کی جائے گی۔

پاکستان کے موجودہ ٹی20 کپتان سلمان علی آغا اب ریڈ بال کرکٹ میں بھی کپتانی کے مضبوط ترین امیدوار ہیں اور امکان ہے کہ وہ جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔

شان مسعود کا مایوس کن ریکارڈ

شان مسعود کی قیادت میں پاکستان کا ٹیسٹ ریکارڈ انتہائی مایوس کن رہا ہے۔ ان کی کپتانی میں پاکستان نے اب تک 16 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے ٹیم صرف 4 میچز جیت سکی جبکہ 12 میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ان اعداد و شمار نے ان کی کپتانی پر دباؤ اور پوزیشن کو مزید کمزور کر دیا ہے۔ اِن تازہ ترین حالات کے بعد پی سی بی اب ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پاکستان دشمن گٹھ جوڑ بے نقاب، فتنہ الخوارج، بھارت اور کالعدم ایکشن کمیٹی کے روابط کے شواہد سامنے آگئے

مئی 2026 میں ترسیلاتِ زر 4.25 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

کنگ چارلس سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے فلاحی سرگرمیوں پر میرا شکریہ ادا کیا، ماہرہ خان

پاک افغان سرحدی علاقوں میں کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 26 دہشتگرد ہلاک

لاہور چرس برآمدگی کیس: مجرم کی 11 سالہ سزا مکمل، عمر قید کے مساوی قرار

ویڈیو

بجٹ 27-2026، کم از کم تنخواہ کتنی ہونی چاہیے؟ اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

ایران امریکا ثالثی کے بعد بیرونی قوتیں پاکستان میں عدم استحکام کی کوششیں کررہی ہیں: سفارتکار ضمیر اکرم

پاکستان کا اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو ہوگا اور اپنی ماں اور نانا کی طرح ملک کی خدمت کرے گا، سینیٹر پیپلزپارٹی شہادت اعوان

کالم / تجزیہ

’سعودی عرب پاکستان کی ریڈ لائن ہے‘

چاچا کرکٹ صرف تماشائی نہیں تھا

میں انس عبیداللہ عابد کے جنازے میں کیوں نہیں گیا؟