بہاولپور کے علاقے یزمان میں کھیتوں میں بکریاں داخل ہونے کے تنازع پر مبینہ طور پر ملزمان نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کے گھر کو آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق آگ نے مزید دو گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری انصاف کی اپیل کی ہے۔
بہاولپور کے نواحی علاقے یزمان میں کھیتوں میں بکریاں جانے کے تنازع پر مبینہ طور پر خاتون کے گھر کو آگ لگا دی گئی، جس کے نتیجے میں دو مزید گھر بھی جل گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزمان نے پہلے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اس کے گھر کو آگ لگا دی۔ آگ تیزی سے پھیلی اور قریبی دو مکانات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ گھروں میں موجود نقدی، زیورات اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ متاثرین نے الزام عائد کیا کہ ملزمان جاتے ہوئے 30 بکریاں بھی ساتھ لے گئے۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاندان شدید مالی نقصان اور بے گھر ہونے کی صورتحال سے دوچار ہیں۔ متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔














