راولپنڈی: تعلیمی اداروں سمیت شہر بھر میں منشیات سپلائی کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

ہفتہ 10 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی پولیس نے تعلیمی اداروں سمیت شہر بھر میں منشیات سپلائی کرنے کا ایک بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا ہے، پیر ودھائی پولیس نے منشیات کے 2 بڑے ڈیلرز سے 4 کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرکے گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار منشیات فروشوں میں امریز عرف میجی بٹ اور اس کا بیٹا ذوہیب عرف ذیبی شامل ہیں۔

گرفتار منشیات فروش امریز عرف میجی بٹ

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ملزمان نے تعلیمی اداروں سمیت شہر بھر میں منشیات سپلائی کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ پیر ودھائی پولیس نے ایک اور منشیات ڈیلر کے 3 کارندوں کو بھی دھر لیا ہے۔ وسیم، عدیل اور صفدر نامی منشیات فروشوں سے 3 کلو سے زائد چرس برآمد کی گئی ہے۔

گرفتار منشیات فروش ذوہیب عرف ذیبی

ترجمان کا کہنا تھا کہ منشیات سپلائی کرنے والے نیٹ ورکس کے بڑے ڈیلرز کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ روز نیوٹاؤن پولیس نے بڑے ڈیلر خرم عرف دادا کو بھی گرفتار کیا تھا۔ سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ منشیات سپلائی میں ملوث ڈیلرز اور سپلائرز کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔

بلوچستان میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی بڑی کارروائیاں

پشین کے غیر آباد علاقے سے 371 کلو ہیروئن اور 221 کلو مارفین برآمد کر لی گئی ہے، برآمدہ منشیات بیرون ملک سمگل کرنے کی غرض سے پہاڑیوں میں چھپائی گئی تھی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے مطابق ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ میں لوڈر رکشہ میں چھپائی گئی 10 کلو چرس بھی برآمد کی گئی ہے اور قلات کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایک اور کارروائی میں پنجگور کے علاقے بونستان میں جھاڑیوں میں چھپائی گئی 15 کلو چرس برآمد کرکے تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp