پاکستان اور علی بابا گروپ کے درمیان اہم معاہدے، ڈیجیٹل تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

پیر 25 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چینی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا گروپ اور پاکستان کے سرکاری و نجی شعبے کے مختلف اداروں کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

یہ معاہدے وزیراعظم شہباز شریف کے چین کے شہر ہانگژو میں واقع علی بابا گروپ کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران طے پائے۔

ان مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد علی بابا گروپ کے اشتراک سے پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی اور تکنیکی ترقی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کے درمیان 7 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

وزیراعظم کی خصوصی کوششوں پر علی بابا گروپ کے چیئرمین جو سائی نے حکومتِ پاکستان اور علی بابا گروپ کے درمیان ایک جامع اسٹریٹجک فریم ورک معاہدے پر اتفاق کیا۔

اس فریم ورک کے تحت مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ سلوشنز، ڈیجیٹل تجارت، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار، فِن ٹیک اور صحت کے شعبے میں جدت سے متعلق مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔

ملاقات کے دوران جو سائی نے خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی، تکنیکی جدت اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے حکومتی عزم کی بھی تعریف کی۔

مزید پڑھیں: چین میں لیبر مہنگی ہوچکی، چینی کمپنیاں صنعتیں پاکستان منتقل کریں، وزیراعظم شہباز شریف کی پیشکش

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، مصنوعی ذہانت، فِن ٹیک، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور جدت پر مبنی کاروباری مواقع کی وسیع صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستانی نوجوانوں کو ٹیکنالوجی، مہارتوں کی ترقی اور عالمی شراکت داریوں کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری پر علی بابا گروپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس معاہدے کو پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور تکنیکی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp