شہباز شریف اورانور ابراہیم میں رابطہ، عید الاضحیٰ کی مبارکباد اور خطے میں امن کی صورتحال پر تبادلہ خیال

بدھ 27 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور خطے کی صورتحال خصوصاً امن کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی سفارتی پیشکش خوش آئند، امریکا اور ایران مذاکرات کی طرف آئیں، ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم

سرکاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین وزیراعظم اور عوام کو عید الاضحیٰ کی دلی مبارکباد پیش کی، جس کا ڈاکٹر انور ابراہیم نے بھی گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملائیشین وزیراعظم نے اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے لیے بھی خصوصی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم انور ابراہیم نے خلیجی خطے میں جنگ بندی اور امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے قابلِ ذکر کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو مزید کامیابیاں عطا کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ملائیشین ہم منصب کا پاکستان کے امن اقدامات کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور خطے میں جاری امن کوششوں پر انہیں تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے قریبی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp