کرکٹ ٹیموں کی آمد و رفت: اسلام آباد میں ٹریفک ڈائیورژنز، شہریوں کو اضافی وقت لے کر سفر کرنے کی ہدایت

ہفتہ 30 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ ٹیموں کی آمد و رفت کے پیشِ نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی بعض اہم شاہراہوں پر مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورژنز لگائی جائیں گی، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق کرکٹ ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران کلب روڈ، مری روڈ، ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے تحت عارضی ڈائیورژنز نافذ کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان-آسٹریلیا ٹی20 کے لیے میچ کے اوقات تبدیل، اب میچ کب شروع ہوں گے؟

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت رکھیں تاکہ ممکنہ تاخیر سے بچا جا سکے۔ پولیس کے مطابق ڈائیورژنز کے دوران متعلقہ شاہراہوں پر گاڑیوں کا دباؤ بڑھ سکتا ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر ٹریفک سست روی کا شکار ہو سکتی ہے۔

ایڈوائزری میں شہریوں کو متبادل راستوں اور سروس روڈز کے استعمال کا مشورہ بھی دیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے اور آمد و رفت کو زیادہ سے زیادہ رواں رکھا جا سکے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے اہلکار مختلف شاہراہوں پر موجود رہیں گے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل، اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی تبدیلی یا اپ ڈیٹ سے بروقت آگاہی حاصل کی جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp