امریکی یومِ آزادی کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات تنازع کا شکار، مزید معروف فنکاروں نے شرکت سے انکار کر دیا

اتوار 31 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سرپرستی میں منعقد کی جانے والی امریکا کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے۔ سیاسی تنازعات اور بڑھتی ہوئی تقسیم کے باعث مزید 3 معروف فنکاروں نے مجوزہ کنسرٹ سیریز میں شرکت سے انکار کر دیا، جس کے بعد پروگرام کی اصل فہرست میں شامل بیشتر فنکار دستبردار ہو چکے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے واشنگٹن میں نیشنل مال کے مقام پر 25 جون سے 10 جولائی تک جاری رہنے والی کنسرٹ سیریز کے لیے متعدد معروف گلوکاروں اور بینڈز کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔ تاہم تقریب کے آغاز سے قبل ہی فنکاروں کی مسلسل علیحدگی کے باعث یہ منصوبہ مشکلات کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔

جمعے کے روز معروف راک گلوکار بریٹ مائیکلز اور کنٹری میوزک کی مشہور فنکارہ مارٹینا میک برائیڈ نے بھی پروگرام سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا۔ اس سے قبل میوزک گروپ ’دی کموڈورز‘ اور 2 دیگر فنکار بھی شرکت سے انکار کر چکے تھے۔ یوں بدھ کو جاری کی گئی اصل فہرست میں شامل صرف 4 فنکار ہی اب تک برقرار رہ گئے ہیں۔

باقی رہ جانے والے فنکاروں میں ونیلا آئس، سی پلس سی میوزک فیکٹری، فلو رائڈا اور معروف جوڑی ملی ونیلی کے زندہ رکن شامل ہیں۔ ملی ونیلی 3 دہائیاں قبل لب سنکنگ (ہونٹ ہلانے) کے ایک بڑے تنازع کے باعث عالمی شہرت حاصل کر چکی تھی۔

1980 کی دہائی کے مشہور راک بینڈ ’پوائزن‘ کے مرکزی گلوکار بریٹ مائیکلز نے فیس بک پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے ’مشکل فیصلہ‘ کرتے ہوئے اس تقریب سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے لکھا، ’میرے شوز کبھی سیاست کے بارے میں نہیں رہے۔ ان کا مقصد لوگوں کو اکٹھا کرنا، خوشی دینا اور روزمرہ زندگی کے دباؤ سے چند گھنٹوں کے لیے نجات فراہم کرنا ہوتا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں ابتدا میں یہ تقریب امریکا کے جشن کے طور پر پیش کی گئی تھی، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ ایک ایسی سرگرمی میں تبدیل ہو گئی جو تقسیم اور تنازع کا باعث بن رہی ہے، اور وہ اس کا حصہ نہیں بن سکتے۔

فنکاروں کی دستبرداری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ وائٹ ہاؤس کا باضابطہ پروگرام نہیں ہے اور اس بارے میں مزید معلومات کے لیے ’فریڈم 250‘ کے منتظمین سے رابطہ کیا جائے۔

دوسری جانب ’فریڈم 250‘ انتظامیہ کا اصرار ہے کہ یہ ایک غیرجانبدار اور غیرسیاسی تنظیم ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ ایک عوامی و نجی شراکت داری پر مبنی منصوبہ ہے جو آزادی کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے لیے قائم وائٹ ہاؤس ٹاسک فورس کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

تاہم صدر ٹرمپ خود ان تقریبات میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کی تھی تاکہ رواں موسمِ گرما میں سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا جا سکے۔ اسی سلسلے میں 14 جون کو وائٹ ہاؤس کے احاطے میں خصوصی طور پر تیار کیے گئے میدان میں ایک مکسڈ مارشل آرٹس مقابلے کا انعقاد بھی کیا گیا، جو ٹرمپ کی 80ویں سالگرہ کے دن منعقد ہوا۔

ایوارڈ یافتہ کنٹری گلوکارہ مارٹینا میک برائیڈ نے بھی اعلان کیا کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے ’گریٹ امریکن اسٹیٹ فیئر‘ میں پرفارم نہیں کریں گی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ انہیں ایک غیرسیاسی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ صورتحال اس سے مختلف ہے۔

میک برائیڈ اور مائیکلز سے قبل ریپر ینگ ایم سی، موسیقار مورس ڈے اینڈ دی ٹائم اور گریمی ایوارڈ یافتہ سول میوزک گروپ دی کموڈورز بھی پروگرام سے کنارہ کشی اختیار کر چکے ہیں۔

دی کموڈورز نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں واضح کیا کہ وہ اس تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ بینڈ نے کہا کہ وہ تمام امریکیوں کی بہتری اور اتحاد کی حمایت کرتے ہیں۔

اس کے برعکس 1990 کی مقبول ہٹ ’آئس آئس بے بی‘ سے شہرت حاصل کرنے والے ونیلا آئس نے شرکت برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ٹی ایم زیڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تنازع میں نہیں پڑنا چاہتے اور صرف امریکا کے ساتھ جشن منانے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں دعوت دی جائے تو وہ سابق صدر جو بائیڈن، روسی صدر ولادیمیر پوٹن یا حتیٰ کہ ایران میں بھی پرفارم کر سکتے ہیں۔

فنکاروں کی مسلسل دستبرداری کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی نے بھی اس صورتحال پر طنز کیا۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پر ان نو فنکاروں کی فہرست شیئر کی جن کے نام ابتدائی طور پر اعلان کیے گئے تھے، اور ان میں سے دستبردار ہونے والے 5 فنکاروں کے ناموں پر کراس لگا دیا۔

دوسری جانب واشنگٹن میں بدھ کی شب معروف راک گلوکار اور ٹرمپ کے سخت ناقد بروس سپرنگسٹین نے اپنے کنسرٹ کے ذریعے شائقین کی توجہ حاصل کی، جسے مبصرین نے سیاسی طور پر بھی ایک معنی خیز اشارہ قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

چیمپئنز لیگ جیتنے کی خوشی تشدد میں بدل گئی، پیرس میں جلاؤ گھیراؤ اور پولیس سے جھڑپیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حج کے مثالی انتظامات پر سعودی سفیر کو تعریفی خط، سعودی حکومت کو خراجِ تحسین

جعلی چیئرپرسن بن کر پروٹوکول لینے کی کوشش، جہلم پولیس نے ملزمہ کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا

واشنگٹن میں کیمیائی ٹینک دھماکا: ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی، تمام لاپتا افراد کی لاشیں برآمد

ٹرمپ کا جسمانی و ذہنی ٹیسٹ میں ’مثالی کارکردگی‘ کا دعویٰ، صدارتی امیدواروں کے لیے لازمی ٹیسٹ کا مطالبہ

ویڈیو

ایران ڈیل کے قریب ہیں، مگر جلد بازی نقصان دہ ہوگی، صدر ٹرمپ کا فوکس نیوز کو انٹرویو میں دعویٰ

پنجاب حکومت کا شرمپ فارمنگ کا منصوبہ کیا ہے، لوگ کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟

رکاوٹوں کے باوجود ملائکہ نور نے عالمی اعزاز حاصل کرلیا

کالم / تجزیہ

کوئٹہ سے تل ابیب تک

عورت کو آسان ہدف سمجھنے والے کمزور

اچکزئی صاحب کا مسئلہ کیا ہے؟