بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے 60 سال کی عمر میں زندگی کا ایک نیا سفر شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیسری شادی کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، جس کے تحت وہ آئندہ ماہ 5 جولائی کو اپنی دیرینہ دوست گوری سپراٹ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی یہ تقریب انتہائی سادگی کے ساتھ عامر خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگی، جس میں کسی بڑے عوامی جشن کے بجائے صرف دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور چند مخصوص دوست شرکت کریں گے، شاہ رخ خان اور سلمان خان بھی اپنی مصروفیات کو مینیج کر کے اس نجی تقریب میں شرکت کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بالآخر عامر خان اور گوری سپراٹ ہاتھوں میں ہاتھ دے کر منظرعام پر آگئے
عامر خان اور گوری سپراٹ کے درمیان تعلقات کی شروعات سال 2024 کے اوائل میں بنگلور سے ہوئی تھی جہاں عامر خان کی کزن نزہت خان نے دونوں کی ملاقات کروائی تھی، جس کے بعد گزشتہ سال عامر خان نے اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر میڈیا کے سامنے گوری سپراٹ کو باقاعدہ طور پر اپنی شریکِ حیات (پارٹنر) کے طور پر متعارف کروایا تھا۔

گوری سپراٹ اس سے قبل بنگلور میں ایک نامور سیلون چین کے ساتھ منسلک تھیں، تاہم اب وہ عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے کام کررہی ہیں۔ عامر خان نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں گوری سپراٹ کے ساتھ اپنے رشتے پر کھل کر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ وہ ان کے ساتھ دلی طور پر پہلے ہی شادی کرچکے ہیں اور ان کی موجودگی سے وہ زندگی میں انتہائی سکون اور استحکام محسوس کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ عامر خان کی یہ تیسری شادی ہوگی، اس سے قبل ان کی پہلی شادی 1986 میں رینا دتا سے ہوئی تھی جو 2002 میں طلاق پر ختم ہوئی، جس سے ان کے 2 بچے جنید خان اور ایرا خان ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے 2005 میں فلم میکر کرن راؤ سے دوسری شادی کی جو 16 سال قائم رہنے کے بعد 2021 میں ختم ہو گئی، جس سے ان کا ایک بیٹا آزاد راؤ خان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میں پہلے ہی گوری کے ساتھ شادی شدہ ہوں، عامر خان کا اعتراف
گوری سپراٹ کا بھی اپنی پہلی شادی سے ایک سات سالہ بیٹا ہے، جبکہ ان کا خاندانی پس منظر بھی کافی تاریخی ہے کیونکہ ان کے دادا فلپ سپراٹ ایک برطانوی نژاد کمیونسٹ تھے جو 1920 کی دہائی میں ہندوستان آئے اور بعد میں تحریکِ آزادی کا حصہ بنے۔
ماضی میں 2 طلاقوں کے باوجود عامر خان کے اپنی دونوں سابقہ بیگمات کے ساتھ انتہائی خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں اور وہ اکثر خاندانی تقریبات میں ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔














