پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی کھیل کی بحالی اور کھلاڑیوں کے دیرینہ مالی مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک تاریخی اور بڑا قدم اٹھایا ہے۔
ایف آئی ایچ پرو لیگ کے اہم ترین مقابلوں کے لیے روانگی سے قبل پی ایچ ایف نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں 45 ملین (4 کروڑ 50 لاکھ) روپے کی خطیر رقم تقسیم کر دی ہے۔
جمعہ کو میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کو ذہنی سکون فراہم کرنا ہے تاکہ وہ میدان میں بغیر کسی مالی مائیوسی یا فکر کے ملک کا نام روشن کر سکیں۔
روانگی سے قبل واجبات کی مکمل ادائیگی
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق تمام ادائیگیاں ٹیم کی بیرونِ ملک روانگی سے قبل ہی مکمل کر لی گئی ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو ان کی فیس اور دیگر الاؤنسز وقت پر مل سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کی بحالی کے لیے نئی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دیدی
ماضی میں اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی دوروں کے دوران یا اس کے بعد بھی روزانہ کے الاؤنسز کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا تھا، جس سے ان کی کارکردگی متاثر ہوتی تھی۔ پی ایچ ایف کی موجودہ انتظامیہ نے اس روایات کو توڑتے ہوئے ‘پہلے ادائیگی، پھر کھیل’ کی پالیسی پر عمل کیا ہے۔
وزیرِ اعظم کا بڑا انعام اور پیشگی ڈیلی الاؤنس
پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس 45 ملین روپے کی مجموعی رقم میں وہ خصوصی انعامی رقم بھی شامل ہے جس کا اعلان وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان ٹیم کی جانب سے ‘ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ’ کے لیے کوالیفائی کرنے پر کیا تھا۔
اس کے علاوہ کھلاڑیوں کو آنے والی پرو لیگ مہم کے لیے ایڈوانس (پیشگی) روزانہ الاؤنسز بھی اسی پیکیج کے تحت ادا کر دیے گئے ہیں تاکہ انہیں دیارِ غیر میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ہر کھلاڑی کے حصے میں کتنی رقم آئی؟
صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی نے مالیاتی پیکیج کی تفصیلات کا موازنہ کرتے ہوئے بتایا کہ پرو لیگ ٹور کے سلسلے میں ہر کھلاڑی کو تقریباً 700,000 (7 لاکھ) روپے دیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کو عالمی ہاکی کپ کے لیے کوالیفائی کروانے کا شاندار کارنامہ سرانجام دینے پر ہر کھلاڑی کو انعام کے طور پر اضافی 1.5 ملین (15 لاکھ) روپے ادا کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:ہاکی فیڈریشن بحران: بدانتظامی کا نوٹس، محی الدین وانی کو ایڈہاک صدر تعینات کر دیا گیا
اس طرح ہر سینیئر کھلاڑی کے اکاؤنٹ میں لاکھوں روپے منتقل کیے جا چکے ہیں جو ان کے پچھلے تمام واجبات کا احاطہ کرتے ہیں۔
کھلاڑیوں کے حوصلے بلند اور شائقین میں خوشی کی لہر
پی ایچ ایف کا انقلابی قدم ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فیڈریشن کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے اور ایک بڑے بین الاقوامی مقابلے سے پہلے انہیں مضبوط مالی تحفظ فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
واضع رہے کہ واجبات کی بروقت ادائیگی طویل عرصے سے پاکستان کے ہاکی کھلاڑیوں کے لیے ایک بہت بڑی تشویش رہی ہے، جس کے باعث کئی باصلاحیت کھلاڑی کھیل چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔
پی ایچ ایف کی جانب سے یہ تازہ ترین ادائیگی ناصرف کھلاڑیوں کا ’مورال‘ بلند کرے گی بلکہ اس سے ڈومیسٹک سطح پر نئے لڑکوں کو بھی ہاکی کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ اب گیند کھلاڑیوں کے کورٹ میں ہے کہ وہ پرو لیگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔














