سعودی ایئرلائن ’سعودیہ‘ وقت کی پابندی میں دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگئی

اتوار 7 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی ’سعودیہ‘ نے مئی 2026 کے دوران پروازوں کی بروقت آمد و روانگی کے حوالے سے عالمی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ بین الاقوامی فضائی تجزیاتی ادارے سیرئم (Cirium) کی تازہ رپورٹ کے مطابق سعودیہ نے وقت کی پابندی کے میدان میں دنیا کی تمام بڑی ایئرلائنز کو پیچھے چھوڑ دیا، جو رواں سال کمپنی کے لیے ایک اور اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی ایئر لائن کی ٹکٹ سیل، پاکستانیوں کے لیے عمرہ کتنا سستا ہو گیا؟

عرب نیوز کے مطابق سیرئم کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی کے دوران سعودیہ کی بروقت روانگی کی شرح 92.30 فیصد جبکہ بروقت آمد کی شرح 90.12 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ یہ اعداد و شمار چار براعظموں میں 100 سے زائد مقامات کے لیے چلائی جانے والی 13 ہزار 600 سے زائد پروازوں کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔ یہ کامیابی ایسے وقت میں حاصل ہوئی جب حج 1447 ہجری کے موقع پر دنیا بھر سے عازمین کی آمد اور عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے باعث فضائی آپریشن اپنے عروج پر تھا۔

رپورٹ کے مطابق سعودیہ نے شدید مصروفیت کے باوجود اپنے فلائٹ آپریشنز کو مؤثر انداز میں جاری رکھا اور اعلیٰ انتظامی معیار برقرار رکھا۔ اس سے قبل جنوری 2026 میں بھی سیرئم نے 2025 کے دوران بروقت آمد کے حوالے سے سعودیہ کو دنیا کی دوسری بہترین ایئرلائن قرار دیا تھا۔

1945 میں قائم ہونے والی سعودیہ سعودی عرب کی پہلی قومی ایئرلائن ہے اور وژن 2030 کے تحت مملکت کے فضائی، سیاحتی اور معاشی اہداف میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جدید فلائٹ مینجمنٹ سسٹمز، مؤثر آپریشنل منصوبہ بندی اور سعودیہ گروپ کے مختلف شعبوں کے درمیان مربوط تعاون اس کامیابی کی بنیادی وجوہات ہیں۔

سعودیہ آئندہ برسوں میں اپنے فضائی بیڑے میں مزید 116 طیارے شامل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس سے اس کے طیاروں کی مجموعی تعداد 149 سے بڑھ جائے گی۔ اس توسیع کے ذریعے نئی بین الاقوامی منزلوں کا اضافہ، نشستوں کی گنجائش میں توسیع اور پروازوں کی تعداد میں اضافہ ممکن ہوگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وقت کی پابندی مسافروں کے اعتماد کا بنیادی عنصر ہے اور یہی حکمت عملی سعودی عرب کے 2030 تک سالانہ 15 کروڑ سیاحوں کو متوجہ کرنے کے ہدف کی تکمیل میں معاون ثابت ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp