فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل امریکا کی نئی سفری ہدایت، میکسیکو جانے والے شائقین کو احتیاط برتنے کا مشورہ

اتوار 7 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے چند روز قبل امریکی محکمہ خارجہ نے میکسیکو کے لیے نئی سفری ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں کو سفر کے دوران اضافی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ 11 جون کو میکسیکو سٹی میں کھیلا جائے گا، جس کے باعث دنیا بھر سے ہزاروں شائقین کی آمد متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا نے  ورلڈ کپ اسٹیڈیمز میں ڈسپوزایبل پانی کی بوتلیں لانے کی اجازت دے دی

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے میکسیکو کے لیے اپنی سفری ایڈوائزری “لیول 2: اضافی احتیاط برتیں” برقرار رکھی ہے۔ ہدایت نامے میں دہشت گردی، جرائم، اغوا، گاڑیوں کے اغوا، مسلح ڈکیتی اور جنسی جرائم جیسے خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے مسافروں کو محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، جبکہ میکسیکو میں میچز میکسیکو سٹی، مونتری اور گواڈالاخارا میں منعقد ہوں گے۔ امریکی حکام کے مطابق میزبان ریاست نیووو لیون، جہاں مونتری واقع ہے، اور میکسیکو سٹی دونوں لیول 2 کی کیٹیگری میں شامل ہیں۔

سفری ہدایت میں باخا کیلیفورنیا، گواناخواتو، چیواہوا اور جالیسکو سمیت بعض ریاستوں کو لیول 3 قرار دیتے ہوئے وہاں سفر پر نظرثانی کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اسی طرح کولیما، گیریرو، میچواکان، سینالوا، تاماولیپاس اور زاکاتیکاس کو لیول 4 یعنی ’سفر نہ کریں‘ کی فہرست میں شامل رکھا گیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ بعض دور دراز علاقوں میں ہنگامی حالات کے دوران حکومتی امداد کی فراہمی محدود ہو سکتی ہے۔ مسافروں کو رات کے وقت غیر ضروری سفر سے گریز، موبائل ایپ کے ذریعے ٹیکسی سروس استعمال کرنے اور تنہا دور افتادہ علاقوں میں جانے سے بچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے، کیونکہ ان ہدایات کو نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

امریکی حکومت نے ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے میکسیکو جانے والے شہریوں کو سفر سے قبل تازہ ترین سفری ہدایات کا جائزہ لینے اور ’اسمارٹ ٹریولر انرولمنٹ پروگرام‘ میں رجسٹریشن کرانے کا مشورہ بھی دیا ہے تاکہ ہنگامی حالات میں سفارتی حکام ان سے فوری رابطہ کر سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp