پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں سارہ خان اور علیزے شاہ کے درمیان سوشل میڈیا پر جاری تنازع نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔
حال ہی میں گلوکار فلک شبیر کی جانب سے خواتین کے لباس سے متعلق دیے گئے بیان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے بعض لباس پر پابندی کے مطالبے پر مختلف حلقوں کی جانب سے ردِعمل سامنے آیا تھا۔ سارہ خان نے بھی اپنے شوہر کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے اسے درست قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فلک شبیر کے مختصر لباس پر پابندی کے مطالبے پر علیزے شاہ ماضی کا سچ سامنے لے آئیں
اس معاملے پر اداکارہ علیزے شاہ نے تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فلک شبیر کے ایک میوزک ویڈیو میں انہیں خود ایسے ملبوسات پہننے اور رومانوی مناظر عکس بند کروانے کے لیے کہا گیا تھا جن پر آج تنقید کی جا رہی ہے۔ علیزے شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ان ملبوسات کے انتخاب میں سارہ خان بھی شامل تھیں اس لیے موجودہ مؤقف دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔
View this post on Instagram
اس پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا انفلوئنسر زویا شیراز نے ایک ویڈیو پیغام میں علیزے شاہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ نے اپنی مرضی سے میوزک ویڈیو میں کام کیا تھا اور کسی نے انہیں کسی چیز پر مجبور نہیں کیا تھا۔
زویا شیراز کی ویڈیو پر سارہ خان نے ہنستے ہوئے ایموجی کے ذریعے ردِعمل دیا جسے سوشل میڈیا صارفین نے علیزے شاہ کے الزامات پر ان کے بالواسطہ جواب کے طور پر تعبیر کیا ہے۔
تاہم فلک شبیر اور سارہ خان کی جانب سے علیزے شاہ کے الزامات پر باضابطہ اور تفصیلی ردِعمل تاحال سامنے نہیں آیا۔














