لبنانی مسلح افواج کے سربراہ کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے دفاعی تعاون پر تبادلۂ خیال

منگل 9 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف روڈولف ہائیکل نے منگل کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق معزز مہمان کی جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند تینوں مسلح افواج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

مزید پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، اہم شخصیات سے ملاقاتیں متوقع

ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور دوطرفہ عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔

گفتگو میں پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

لبنانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہائیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام اور عالمی امن مشنز میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں:جنگ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایران میں دبنگ انٹری

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp