کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے دعوؤں کے درمیان ایک اور تعمیراتی کام سوالات کی زد میں آ گیا ہے جہاں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نے مبینہ ناقص تعمیر اور بے ضابطگیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔
کے ایم سی انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ اور متعلقہ ٹھیکیدار کی جانب سے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے سخی حسن قبرستان کے قریب نالے اور سڑک کی ازسرِ نو تعمیر میں مبینہ بے ضابطگیوں کے انکشاف نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
کراچی کی ترقی کا اصل راز، کے ایم سی انجینئرنگ ڈیارٹمنٹ اور ٹھیکے دار نے کراچی کی عوام کو موئے موئے کردیا
ڈسٹرکٹ سینٹرل سخی حسن قبرستان کے قریب نالے اور سڑک کی ازسرنو تعمیر میں سنگین بے قاعدگیاں سامنے آئی گئی نالے کے پرانے اور خستہ حال اسٹرکچر کو مسمار کیے بغیر اسی پرانی دیوار کے… pic.twitter.com/DnJolx5vUq— Nadir Baloch (@BalochNadir5) June 10, 2026
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران نالے کے پرانے اور خستہ حال ڈھانچے کو مکمل طور پر مسمار کیے بغیر ہی اسی کمزور بنیاد پر نئی دیواریں تعمیر کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی سامنے آیا ہے کہ تعمیر میں مبینہ طور پر سریے (لوہے) کے مناسب استعمال میں کمی دیکھی گئی ہے جس پر علاقہ مکینوں اور شہریوں نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مزدوروں کا بھی کہنا ہے کہ یہ کام پائیدار نہیں ہے اور دیوار گر جائے گی۔
سخی حسن نالے پر کام کرنے والے مزدوروں نے بھی کام کو ناقص مان لیا کے یہ کام پائیدار نہیں ہے دیوار گر جائے گی https://t.co/PcnbAPtECn pic.twitter.com/PiWV9byoiM
— Wajahat Ali Abidi (@AbidiFactors) June 9, 2026
صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 11 کروڑ کا اتنا شاندار کام کیا ہے کہ سریا صرف اوپر دکھانے کے لیے رکھا گیا ہے۔ یہ کراچی والوں کواور سندھ حکومت کو بےوقوف بنا رہے ہیں۔ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد اس منصوبے کے معیار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر تعمیراتی کام میں واقعی غفلت برتی جا رہی ہے تو یہ صورتحال آئندہ بارشوں کے دوران کسی بڑے حادثے یا نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔
صارفین نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے، منصوبے کی غیر جانبدارانہ جانچ اور تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔














