پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وضاحت کی ہے کہ پارٹی نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول بھٹو بجٹ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے، تاہم پارٹی کے اراکین اسمبلی بجٹ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وفاقی بجٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کا مؤقف ہے کہ گلگت بلتستان میں ہمارا مینڈنٹ چوری کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک طرف ہمارا مینڈیٹ چوری کیا جائے اور ہم بیٹھ کر تالیاں بجاتے رہیں۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلز پارٹی اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی تھی، تاہم اب مسلم لیگ ن آزاد امیدواروں کو ساتھ ملا کر حکومت سازی کے لیے منصوبہ بندی کررہی ہے۔














