بجٹ 27-2026: دفاعی بجٹ 3 ہزار ارب روپے کرنے کی تجویز، 18 فیصد اضافہ

جمعہ 12 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے لیے دفاعی بجٹ کی مد میں3  ہزار ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے، جو رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ دفاعی بجٹ کے مقابلے میں تقریباً 18 فیصد زیادہ ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے مختص فنڈز کی تفصیلات بھی ایوان کے سامنے رکھیں۔

دفاعی بجٹ میں 450 ارب روپے سے زیادہ اضافہ

بجٹ دستاویزات کے مطابق نئے مالی سال کے لیے دفاعی اخراجات کا تخمینہ3  ہزار ارب روپے لگایا گیا ہے، جو رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ2  ہزار 595 ارب روپے کے مقابلے میں تقریباً 450 ارب روپے زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ 27-2026: اعلیٰ تعلیم کے لیے 46 ارب اور سائنس و ٹیکنالوجی کے لیے 3.6 ارب روپے مختص

حکومت نے اس اضافے کو علاقائی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی ضروریات اور مسلح افواج کی آپریشنل استعداد برقرار رکھنے کی ضرورت سے جوڑا ہے۔ دفاعی بجٹ مجموعی وفاقی بجٹ کا تقریباً 15 فیصد بنتا ہے۔

پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ کے لیے مختص فنڈز

بجٹ دستاویزات کے مطابق نئے مالی سال میں پاک فوج کے لیے1  ہزار 284 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پاک فضائیہ کے لیے573  ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ پاک بحریہ کے لیے 293  ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

اس کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران پاک فوج کے لیے1  ہزار 184 ارب روپے، پاک فضائیہ کے لیے 520 ارب روپے جبکہ پاک بحریہ کے لیے 273 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔

ملازمین کے اخراجات میں نمایاں اضافہ

دستاویزات کے مطابق نئے مالی سال میں دفاعی ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز اور دیگر متعلقہ اخراجات کے لیے 967 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔

رواں مالی سال میں اس مد میں 846 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، جبکہ نظرثانی شدہ تخمینے کے مطابق یہ رقم 851 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔

آپریشنل اخراجات کے لیے 743 ارب روپے

حکومت نے نئے مالی سال میں دفاعی اداروں کے آپریشنل اخراجات کے لیے 743 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔

رواں مالی سال میں اس مد میں704  ارب روپے رکھے گئے تھے، جبکہ نظرثانی شدہ تخمینے کے مطابق یہ اخراجات 721 ارب روپے تک پہنچ گئے۔

انتظامی اخراجات کی تفصیلات

بجٹ دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال میں دفاعی انتظامی اخراجات کے لیے7  ارب 95 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے، جو بعد ازاں نظرثانی کے بعد11  ارب 74 کروڑ روپے ہو گئے۔ مالی سال 27-2026 کے لیے انتظامی اخراجات کی مد میں 10 ارب 90 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp