خیبرپختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچا دی، 7 افراد جاں بحق، 33 زخمی

اتوار 14 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا میں مسلسل بارشوں نے تباہی مچا دی، جہاں گزشتہ ایک روز کے دوران مختلف حادثات میں کم از کم 7 افراد جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہو گئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اتوار کو جانی و مالی نقصانات کی تصدیق کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

چھتیں اور دیواریں گرنے سے جانی نقصان

پی ڈی ایم اے کے مطابق بنوں، شانگلہ اور مانسہرہ سمیت کئی اضلاع میں ہونے والی شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے، جن میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق افراد میں 2 بچے، 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔

ادارے کے مطابق زخمیوں کی تعداد 33 ہے، جن میں 7 مرد، 12 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں۔

امدادی کارروائیاں جاری

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں رہتے ہوئے امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جا رہی ہیں، جبکہ متعلقہ ضلعی حکام کو متاثرہ علاقوں میں ریلیف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

شہری غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، خصوصاً حساس اور سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے گریز کریں، اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی ہدایات پر عمل کریں۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر فعال

بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور متاثرہ افراد مزید معلومات یا مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے 11 سے 13 جون کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں، تیز آندھی، بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی تھی۔

یاد رہے کہ رواں سال مئی میں بھی خیبرپختونخوا میں بارشوں سے متعلق مختلف حادثات کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp