آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں خاطر خواہ مزاحمت نہ کر سکی اور 17 اوورز میں 106 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے منیبہ علی سب سے نمایاں رہیں، جنہوں نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ عالیہ ریاض 18 رنز بنا سکیں، جبکہ عائشہ ظفر اور گل فروزہ نے 12، 12 رنز اسکور کیے۔
دیگر بیٹرز میں نطالیہ پرویز 7، ناشرہ سندھو 4، رامین شمیم 4 اور سائرہ جبین 2 رنز بنا سکیں، جبکہ تسمیہ رباب اور کپتان فاطمہ ثنا بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئیں۔
بھارت کی جانب سے دیپتی شرما نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پاکستانی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ شری چرانی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شفالی ورما نے بھی ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے سمرتی مندھانا نے 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کپتان ہرمن پریت کور نے 36 اور رچا گھوش نے 34 رنز اسکور کیے۔
شفالی ورما 6، بھارتی فلمالی ایک اور جمائمہ روڈریگیز ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئیں، جبکہ دیپتی شرما 12 اور شریانکا پاٹل ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رامین شمیم اور تسمیہ رباب نے ایک، ایک بھارتی بیٹر کو آؤٹ کیا۔
بھارت نے آل راؤنڈ عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی اپنے نام کرلی، جبکہ پاکستانی ٹیم کو اپنے ابتدائی میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔














