عمران خان پر وکیل کے قتل کا الزام، عطا تارڑ کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ میں وکیل کے قتل کا الزام عمران خان پر لگانے پر تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور انہیں 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے میڈیا سیل کے مطابق عطا تارڑ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایت پر کیا گیا۔ جس کے بعد ان کے وکیل بیرسٹر ابو ذر سلمان نیازی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی کو قانونی نوٹس بھجوایا۔

پی ٹی آئی کے مطابق عطا تارڑ سے ہرجانے کے طور پر ملنے والی رقم شوکت خانم اسپتال کو عطیہ کی جائے گی۔

قانونی نوٹس کے ذریعے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف الزام تراشی پر عطا تارڑ کو 15 روز میں غیر مشروط معافی مانگنے کی مہلت دی گئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عطا تارڑ فوری طور پر چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف الزام تراشی ترک کریں اور اپنا بیان واپس لیں۔ معافی نہ مانگنے اور الزام تراشی سے رجوع نہ کرنے پر عطا تارڑ کے خلاف ہتک عزت قانون سمیت متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں سنگین غداری کیس کی پیروی کرنے والے عبدالرزاق شر ایڈووکیٹ کو 6 جون کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

عبدالرزاق شر کے قتل کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئٹہ میں وکیل کے قتل کا مقدمہ عمران خان کے خلاف درج کرائیں گے اور یہ اس سے بچ نہیں سکیں گے کیوں کہ مکمل تفتیش ہو گی۔

دوسری جانب ڈی آئی جی کوئٹہ نے ایڈووکیٹ عبدالرزاق شر کے قتل پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت سے تحریری طور پر استدعا کریں گے کہ اس معاملے پر جے آئی ٹی بنائی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp