وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 74 روپے فی لیٹر کی حالیہ بڑی کمی کے اعلان نے جہاں عوام اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو ایک بڑا ریلیف دیا ہے، وہاں اس اقدام کو حالیہ برسوں اور ملکی تاریخ کے سب سے بڑے معاشی پیکیجز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں عموماً پیٹرول کی قیمتوں میں چند روپے یا زیادہ سے زیادہ 10 سے 20 روپے کا ردوبدل دیکھنے میں آتا تھا، مگر حالیہ چند ماہ کے دوران ہونے والی کٹوتیوں نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
اپریل 2026 کی سب سے بڑی تاریخی کمی
دستیاب ریکارڈ کے مطابق رواں سال اپریل میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کی جو تاریخی کمی کی تھی، وہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی کمی قرار دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:عید کے موقع پر عوام کے لیے بڑا ریلیف: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے کمی
اس وقت پاک، امریکا اور ایران کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی تھیں، جس کے نتیجے میں 28 مارچ کو پاکستان میں پیٹرول 321 روپے سے بڑھ کر 3 اپریل کو 458 روپے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تھا۔
تاہم عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے اگلے ہی روز 80 روپے کا ریلیف دے کر قیمت 378 روپے فی لیٹر کر دی تھی۔
پاکستان میں پیٹرول سستا ہونے کا تاریخی تقابل
اگر گزشتہ چند برسوں کے دوران پیٹرول کی قیمتوں میں ہونے والی بڑی کٹوتیوں پر نظر ڈالی جائے، تو پتا چلتا ہے کہ عوام کو بڑے ریلیف کے مواقع ہمیشہ محدود ہی رہے ہیں۔ تاریخ وار بڑی کمی کی تفصیل کچھ یوں ہے
| تاریخ | ریلیف (فی لیٹر) | قیمت کی صورتحال (روپے میں) | دورِ حکومت |
| 19 جون 2026 | 74 روپے | 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے ہو گئی | شہباز شریف حکومت |
| 03 اپریل 2026 | 80 روپے | 458 روپے سے کم ہو کر 378 روپے ہو گئی (تاریخی کمی) | شہباز شریف حکومت |
| 30 مئی 2026 | 22 روپے | 403 روپے 78 پیسے سے کم ہو کر 381 روپے 78 پیسے ہوئی | شہباز شریف حکومت |
| 15 اکتوبر 2023 | 40 روپے | 323 روپے سے کم ہو کر 283 روپے رہ گئی | انوار الحق کاکڑ (نگراں) |
| 01 مئی 2022 | 15 روپے | 288 روپے سے کم ہو کر 273 روپے پر آئی | شہباز شریف حکومت |
| 16 ديسمبر 2023 | 14 روپے | 281 روپے سے کم ہو کر 267 روپے رہ گئی | انوار الحق کاکڑ (نگراں) |
| 01 جنوری 2024 | 10 روپے | 263 روپے 45 پیسے سے کم ہو کر 253 روپے 17 پیسے ہوئی | انوار الحق کاکڑ (نگراں) |
| ستمبر 2024 | 10 روپے | 259 روپے سے کم ہو کر 249 روپے ہو گئی | شہباز شریف حکومت |
| 14 اگست 2024 | 09 روپے | یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی ریلیف دیا گیا | شہباز شریف حکومت |
چند ماہ میں 154 روپے کا مجموعی ریلیف اور ماہرین کی رائے
حکومتی حلقوں کا دعویٰ ہے کہ موجودہ انتظامیہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ من و عن اور فوری طور پر عوام تک منتقل کر رہی ہے۔
رواں سال صرف اپریل میں 80 روپے اور اب جون میں 74 روپے کی کمی کے بعد، مجموعی طور پر پیٹرول کی قیمت میں 154 روپے فی لیٹر تک کا بڑا ریلیف دیا جا چکا ہے، جو کہ پاکستانی صارفین کے لیے ایک غیر معمولی سنگِ میل ہے۔
واضح رہے کہ ماضی کے مقابلے میں 40 روپے، 74 روپے اور 80 روپے جیسی بڑی کٹوتیوں نے ملکی تاریخ میں ایک الگ مقام حاصل کیا ہے، جس کے اثرات پیٹرولیم مصنوعات کے صارفین، تاجر برادری اور مہنگائی کی شرح میں کمی کی صورت میں جلد واضح ہوں گے۔














