قومی اسمبلی میں بجٹ پر 7 روزہ بحث مکمل، کس جماعت کو کتنا وقت ملا؟ اسپیکر نے بتا دیا

ہفتہ 20 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر ایوان میں ہونے والی بحث مکمل ہو چکی ہے، جو مجموعی طور پر 7 روز تک جاری رہی۔ اس دوران 232 ارکان نے بجٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں منعقد ہوا، جہاں انہوں نے بجٹ اجلاس کی کارروائی کی تفصیلات ایوان کے سامنے پیش کیں۔

اسپیکر نے بتایا کہ بجٹ بحث میں حکومتی اتحاد کے 151 جبکہ اپوزیشن کے 81 ارکان نے حصہ لیا۔ مجموعی طور پر بجٹ پر 53 گھنٹے 31 منٹ تک بحث ہوئی، جس میں حکومتی ارکان نے 34 گھنٹے 33 منٹ جبکہ اپوزیشن نے 18 گھنٹے 58 منٹ اظہار خیال کیا۔

کس جماعت کے کتنے ارکان نے اظہار خیال کیا؟

ایاز صادق کے مطابق بجٹ بحث میں مسلم لیگ (ن) کے 77، پاکستان پیپلز پارٹی کے 49، ایم کیو ایم پاکستان کے 20، پاکستان تحریک انصاف کے 67، سنی اتحاد کونسل کے ایک اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 10 ارکان نے حصہ لیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ اپوزیشن کو بجٹ بحث کے لیے طے شدہ دورانیے سے 8 گھنٹے 18 منٹ زیادہ وقت فراہم کیا گیا، تاکہ تمام ارکان کو اپنی رائے پیش کرنے کا مناسب موقع مل سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp