وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیا لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی ہدایت پر ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان تربت پہنچ گئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ٹیم کے ہمراہ تربت میں واقع پی ڈی ایم اے کے ویئر ہاؤس کا دورہ بھی کیا۔
اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے کہا کہ ایمرجنسی کے لیے ضروری تمام چیزیں دستیاب ہیں۔ سمندری طوفان بپر جوائے کے پیش نظر تمام ضروری اقدمات لیےجارہے ہیں۔ مون سون کے حوالے سے ہم نے پہلے سے ہی تیاری کر رکھی تھی۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل طارق نے کہا کہ پی ڈی ایم اے ہمیشہ کی طرح اب بھی فرنٹ لائن پر اور ایمرجنسی میں پیش پیش ہے۔ ہم شروع دن سے سمندری طوفان بپر جوائے کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
تربت میں ضروری اقدامات لینے کے بعد ڈی جی ٹیم کے ہمراہ گوادر گئے جہاں ان کی سربراہی میں سمندری طوفان بپر جوائے سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر، نیوی، فشریز، محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا اور کہا کہ انسانی جان کا تحفظ سب سے اہم اور بنیادی ترجیح ہے۔ پی ڈی ایم اے کی ریسکیو فورس، تمام متعلقہ مشیزی کے ساتھ ہر اہم جگہ پر موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گڈانی اور دوسرے اہم مقامات پر ڈائریکٹر پلاننگ امان اللہ رند کی سربراہی میں ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں۔ متعلقہ علاقوں میں ہر چیز کو محفوظ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
جہانزیب خان نے کہا کہ حکومتی احکامات کے مطابق تمام وسائل بروئے کارلاکر اقدامات لیے جارہے ہیں۔ قدرتی آفات کو ختم تو نہیں کیا جاسکتا، بروقت اقدامات سے کم سے کم کیا جاسکتا ہے۔ سمندر کے آس پاس والے تمام لوگ کسی بھی حوالے سے سمندر کے پاس جانے سے گریز کریں۔