حکومت کی اپوزیشن کو مفاہمت کی پیشکش، کیا سیاسی استحکام کی راہ ہموار ہوگی؟

اتوار 21 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیے جانے کے بعد ملکی سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

 وزیراعظم کی مفاہمتی پیشکش کے تناظر میں حکومت کے اہم رہنماؤں نے بھی سیاسی کشیدگی کے خاتمے اور قومی معاملات پر بات چیت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اسی سلسلے میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے بھی مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کرنے کی کوشش کی ہے، حالانکہ جب ہم اپوزیشن میں تھے تو ہمارے خلاف مقدمات بنائے جا رہے تھے۔

تاہم اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا وزیراعظم کی اس تازہ پیشکش کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان دوبارہ مذاکرات کا آغاز ہو سکے گا یا سیاسی اختلافات بدستور اس عمل کی راہ میں رکاوٹ بنے رہیں گے؟

تحریک انصاف کی اندرونی فیصلہ سازی اور سخت گیر مؤقف کا چیلنج

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے معروف سیاسی تجزیہ کار احمد ولید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت کوئی نئی بات نہیں، کیونکہ ماضی میں بھی مختلف مواقع پر حکومت کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے درمیان مکالمے اور اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیا جاتا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:26 اراکین پنجاب اسمبلی کی معطلی: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم

 ان کے مطابق حالیہ پیشکش بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، تاہم اصل سوال یہ ہے کہ آیا تحریک انصاف اس دعوت کا مثبت جواب دیتی ہے یا نہیں؟۔

احمد ولید کے مطابق حکومت کی جانب سے متعدد بار مذاکرات کی پیشکش کی جا چکی ہے اور بعض مواقع پر بات چیت کا عمل ابتدائی سطح پر شروع بھی ہوا، لیکن تحریک انصاف میں فیصلہ سازی کا مرکز بانی پی ٹی آئی ہیں اور ان کی منظوری کے بغیر کسی بڑے سیاسی فیصلے کا امکان کم ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان تحریک انصاف کے بعض رہنماؤں کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا کہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہونے چاہییں، تاہم بانی پی ٹی آئی کے بیانات اور حکمتِ عملی نسبتاً سخت مؤقف کی عکاسی کرتے ہیں۔

احمد ولید کے مطابق یہی وجہ ہے کہ مذاکرات کے امکانات بار بار پیدا ہونے کے باوجود اب تک کوئی بامعنی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے اندر ایسے عناصر بھی موجود ہیں جو چاہتے ہیں کہ جماعت مذاکرات کے ذریعے سیاسی کشیدگی میں کمی لائے، مین اسٹریم سیاست میں اپنا کردار مزید مؤثر بنائے اور پارلیمانی سیاست کو آگے بڑھائے۔

تاہم پارٹی کے سخت گیر حلقے اب بھی تصادم پر مبنی حکمتِ عملی کو ترجیح دیتے دکھائی دیتے ہیں، جس کے باعث مذاکرات کی راہ ہموار نہیں ہو پا رہی۔

احمد ولید کے مطابق یہی داخلی تضادات اس وقت پاکستان تحریک انصاف کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اگر جماعت اپنے سیاسی مؤقف میں لچک پیدا کرے اور مذاکراتی عمل کو سنجیدگی سے آگے بڑھائے تو نہ صرف اس کے بہت سے سیاسی مسائل حل ہو سکتے ہیں بلکہ ملک میں سیاسی استحکام اور مفاہمت کی فضا بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

داخلی معاشی بحران اور محدود دائرہ کار کے مذاکرات

دوسری جانب سیاسی تجزیہ کار ماجد نظامی کا ’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اس وقت ریاست کو بنیادی طور پر ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔

ان کے مطابق بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں، تاہم داخلی سطح پر بالخصوص معاشی معاملات میں صورتحال تسلی بخش نہیں اور عوامی مشکلات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

مزید پڑھیں:حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی

ماجد نظامی کے مطابق اگر ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے حکومت میں کسی نوعیت کی تبدیلی یا وسیع سیاسی مفاہمت پر غور کیا جاتا ہے، تو اسی تناظر میں اپوزیشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پاکستان تحریک انصاف ایسی پوزیشن میں نہیں کہ اس کے دباؤ کے باعث ریاست مذاکرات پر مجبور ہو جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ریاست قومی سطح پر مفاہمت، قومی حکومت یا وسیع تر سیاسی استحکام کی جانب بڑھنے کا فیصلہ کرتی ہے تو پھر مذاکرات کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔

تاہم موجودہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان اگر بات چیت ہوتی بھی ہے تو اس کا دائرہ محدود نوعیت کے معاملات تک رہنے کا امکان ہے۔

ماجد نظامی کے مطابق ایسے مذاکرات میں عمران خان کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے، ان کی نظربندی، مزید مقدمات کے اندراج سے گریز، تحریک انصاف کے رہنماؤں کو قانونی مشکلات سے تحفظ دینے اور انہیں اسمبلی کے اندر اور باہر سیاسی سرگرمیوں کے لیے نسبتاً زیادہ آزادی فراہم کرنے جیسے امور زیرِ بحث آ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ان معاملات سے آگے بڑھ کر کسی بڑی سیاسی ڈیل یا وسیع نوعیت کے فیصلوں کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔

اپوزیشن کی شرائط اور متضاد بیانات کا تضاد

سیاسی تجزیہ کار رانا عثمان نے ’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر یہ امکان کم دکھائی دیتا ہے کہ اپوزیشن وزیراعظم کی مذاکراتی پیشکش کا فوری طور پر مثبت جواب دے گی۔

ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نہ صرف قومی اسمبلی کے فلور پر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں بلکہ حال ہی میں انہوں نے اپوزیشن بینچوں پر جا کر ارکان سے ملاقات بھی کی، جو اپوزیشن کے لیے ایک اہم سیاسی اشارہ اور مفاہمتی قدم تھا۔

رانا عثمان کے مطابق اس کے باوجود تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے مؤقف میں کوئی نمایاں نرمی نہیں دکھائی اور وہ اب بھی سخت مؤقف اپنائے ہوئے ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے مذاکرات کے حوالے سے بعض شرائط سامنے آئی ہیں، جن میں بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی اجازت کو بنیادی شرط قرار دیا جا رہا ہے۔

 ان کے بقول تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اس مطالبے پر پیش رفت کے بعد ہی مذاکراتی پیشکش پر باقاعدہ جواب دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دروازہ کھل گیا، اسپیکر قومی اسمبلی سہولت کاری پر آمادہ

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اپوزیشن کا یہ مطالبہ تسلیم کر لیتی ہے اور ملاقات کی راہ ہموار ہو جاتی ہے تو مذاکرات آگے بڑھنے کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں، تاہم فوری طور پر ایسی کوئی پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی۔

 رانا عثمان کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت کے مختلف رہنماؤں کی جانب سے متضاد بیانات بھی سامنے آتے رہتے ہیں، جس کے باعث پارٹی کے حتمی مؤقف کا تعین اور کسی واضح لائحہ عمل تک پہنچنا مشکل ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی پیشکش ایک مثبت پیش رفت ہے اور سیاسی جماعتوں کو بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی جانب بڑھنا چاہیے، کیونکہ سیاست میں لچک اور مفاہمت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

رانا عثمان کے مطابق اگر ماضی میں مذاکرات کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جاتا تو ملکی سیاست کی سمت مختلف ہو سکتی تھی، تاہم اب بھی دیر نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اور اپوزیشن دونوں سنجیدگی، سیاسی بلوغت اور خلوصِ نیت کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھیں تو مسائل کا کوئی نہ کوئی قابلِ قبول حل ضرور نکل سکتا ہے، کیونکہ سیاسی تنازعات کا پائیدار حل ہمیشہ مکالمے اور بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp