ازبکستان کیخلاف گول، رونالڈو نے ورلڈ کپ کا نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا

بدھ 24 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے منگل کے روز ازبکستان کے خلاف گول کرکے فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ وہ 6 مختلف ورلڈ کپ مہمات میں گول کرنے والے پہلے مرد کھلاڑی بن گئے۔

41 سالہ رونالڈو نے، جو حالیہ بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں گول نہ کرنے کی وجہ سے دباؤ کا شکار تھے، میچ کے صرف چھٹے منٹ میں قریب سے گیند جال میں پہنچا کر تاریخ رقم کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے بیان نے میسی اور رونالڈو کی تاریخی رقابت کو دوبارہ اجاگر کردیا

یہ کارنامہ رونالڈو کے طویل اور کامیاب کیریئر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سابق مانچسٹریونائیٹڈ، ریال میڈرڈ اور ہووینٹس اسٹار نے اپنا پہلا ورلڈ کپ گول 2006 میں ایران کے خلاف کیا تھا۔

شمالی امریکا میں جاری ورلڈ کپ میں پرتگال کے ٹائٹل مشن کا آغاز جمہوریہ کانگو کے خلاف 1-1 کے مایوس کن ڈرا سے ہوا تھا، جس میں رونالڈو کا کردار خاصا غیر مؤثر رہا تھا اور انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ازبکستان کے خلاف میچ سے قبل بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں اپنے گزشتہ 10 میچوں کے دوران رونالڈو ایک بھی گول نہ کر سکے تھے، جبکہ ان کے نام صرف ایک اسسٹ تھی۔

گول کے سامنے ان کی مشکلات کا موازنہ دیگر عالمی ستاروں جیسے لیونل میسی، ارلنگ ہیلانڈ، کائیلیئن مباپے اور ہیری کین سے کیا جا رہا تھا۔

فٹبال تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے رونالڈو نے 2003 میں بین الاقوامی فٹبال میں قدم رکھا تھا۔

مزید پڑھیں: کیا عظیم فٹبالر رونالڈو فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں؟

اس وقت وہ سعودی کلب النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہوں نے رواں سیزن لیگ کے 30 میچوں میں 28 گول اسکور کیے ہیں۔

ہیوسٹن میں رونالڈو نے تیسرے ہی منٹ میں گول کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن نونو مینڈیز کے کراس پر وہ معمولی فرق سے گیند تک نہ پہنچ سکے۔

اس موقع پر انہوں نے مایوسی کا اظہار کیا، تاہم یہ مایوسی زیادہ دیر برقرار نہ رہی اور چند منٹ بعد وہ اپنا تاریخی گول کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp