نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری امن عمل، برگن اسٹاک میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے آغاز میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وانگ ای کو چینی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 105ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 spoke today with the Foreign Minister of the People’s Republic of China, Wang Yi @MFA_China
DPM/FM congratulated Foreign Minister Wang Yi on the 105th anniversary of CPC. The discussions focused on… pic.twitter.com/VwyEnZ9D9R
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) June 24, 2026
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں ایران اور امریکا کے درمیان امن عمل، خصوصاً برگن اسٹاک میں پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے پہلے دور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیاکہ ان مذاکرات کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ثالثی کے عمل کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے بتایا کہ 3 ورکنگ گروپس بھی تشکیل دیے گئے ہیں، جو جوہری معاملے، پابندیوں اور نگرانی و تنازعات کے حل پر توجہ مرکوز کریں گے۔ ان ورکنگ گروپس کا مقصد آئندہ 60 روز کے اندر دونوں فریقوں کے درمیان ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
اسحاق ڈار نے امن عمل میں چین کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص صدر شی جن پنگ کی جانب سے پیش کیے گئے 4 نکاتی امن منصوبے اور پاکستان چین کے مشترکہ 5 نکاتی امن اقدام کو سراہا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ایران امریکا ثالثی کے عمل کی کامیاب قیادت اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو پاکستان اور اس کی قیادت کی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔
انہوں نے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی انتھک کوششوں، مسلسل سفارتی رابطوں، فعال ثالثی اور مستقل سفارتی مصروفیات کو سراہتے ہوئے کہاکہ چین پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھےگا۔
وانگ ای نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تمام تنازعات کا حل پرامن مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان اور چین دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعے تصفیے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ کشیدگی کا مستقل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے اور دیرپا امن، مشترکہ ترقی اور باہمی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔













