برطانیہ میں خراب موسم، گرج چمک اور بارش نے فضائی آپریشن کو متاثر کردیا، جس کے باعث لندن کے مصروف ترین ہیتھرو اور گیٹ وک ایئرپورٹس پر آنے اور جانے والی سیکڑوں پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں، جبکہ درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
مزید پڑھیں: یورپ شدید گرمی کی لپیٹ میں، فرانس میں گرمی سے بچنے کی کوشش میں 40 افراد ڈوب گئے
برطانوی میڈیا کے مطابق شدید گرمی کے بعد ہفتے کے روز ہونے والی بارش اور خراب موسمی صورتحال کے باعث ہیتھرو اور گیٹ وک ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ایئرپورٹس پر 900 سے زیادہ آمد و روانگی کی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ہیتھرو ایئرپورٹ کے ڈپارچر بورڈ پر یورپی ممالک کے لیے کئی پروازیں منسوخ دکھائی دیں، جبکہ متعدد دیگر پروازوں کے شیڈول میں بھی نمایاں تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
برطانیہ کی ایئر ٹریفک کنٹرول سروس نے خبردار کیا ہے کہ خراب موسم کے باعث پروازوں میں تاخیر کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: برطانیہ برفانی طوفان ’گوریٹی‘ کی لپیٹ میں: اسکول بند، ٹرانسپورٹ متاثر
ہیتھرو اور گیٹ وک ایئرپورٹس کی انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئر لائن سے پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کر لیں تاکہ غیر ضروری پریشانی سے بچا جا سکے۔














