بلوچستان دیکھنے کی چاہ میں آئے سیاح کے قتل کا مقدمہ درج، دہشتگردی سمیت متعدد دفعات شامل

منگل 30 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے سیاح جمیل (جو علی مرتضیٰ کے نام سے بھی جانے جاتے تھے) کے قتل کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں دہشتگردی سمیت متعدد سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ دشت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے شاہراہ پر متاثرہ خاندان کی گاڑی کو روک کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے سیاح علی مرتضیٰ جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔

مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 302 (قتل)، 324 (اقدام قتل)، 427 (املاک کو نقصان پہنچانا)، 147، 148 اور 149 (ہنگامہ آرائی اور مسلح اجتماع) کے علاوہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 بھی شامل کی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاندان سیاحت کی غرض سے بلوچستان آیا تھا اور واپسی کے دوران مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روک کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حملہ آور واردات کے بعد موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق واقعے میں ملوث عناصر کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ علاقے میں سیکیورٹی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp