امریکا کے سابق ڈونلڈ ٹرمپ کوخفیہ دستاویز کے کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو میامی میں فیڈرل کورٹ سے خفیہ دستاویز کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے معاون والٹ ناٹا کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
سی این این کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ میامی میں وفاقی عدالت میں زیر حراست ہیں جہاں انہیں فلوریڈا کے مار اے لاگو ریزورٹ میں خفیہ دستاویزات کے حوالے سے 37 کرمنل چارجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ وفاقی الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے سابق امریکی صدر ہیں۔ ان کے خلاف یہ دوسری فرد جرم ہے جب کہ کچھ عرصہ قبل ان پر مین ہیٹن کی ایک گرینڈ جیوری کی جانب سے ’ہش منی‘ کیس میں بھی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
ٹرمپ نے دونوں کیسز میں اپنے ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔ الزامات کے باوجود انہوں نے سنہ 2024 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی دوڑ میں رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 4 اپریل کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فحش فلموں کی اداکارہ کو تعلقات چھپانے کی غرض سے رشوت دینے پر نیویارک میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے پہلے صدر ہیں جنہیں کرمنل کاررائی کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی یاد رہے کہ اتوار 11 جون کو امریکی جوہری راز اور فوجی منصوبوں سمیت حساس دستاویزات اپنی ذاتی ملکیت میں رکھنے اوران کے غلط استعمال کے الزامات کا سامنا کرنیوالے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پہلی عوامی پیشی میں اپنے خلاف عائد فرد جرم کو ’مضحکہ خیز اور بے بنیاد‘ قرار دیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر سیکڑوں خفیہ دستاویزات کو غلط طریقے سے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جن میں کچھ امریکی جوہری راز اور فوجی منصوبوں سے متعلق ہیں۔ فرد جرم میں ان پر فائلوں کو اپنی فلوریڈا اسٹیٹ مار-اے-لاگو میں بال اور شاور روم میں رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
جارجیا میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف فرد جرم کو ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کی جانب سے انتخاب میں مداخلت کے مترادف قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں کسی بھی غلط کام سے انکار کیا ہے۔
واضح رہے کہ 49 صٖفحات پر مشتمل فرد جرم میں پہلی مرتبہ کسی سابق امریکی صدر کے خلاف وفاق نے الزامات عائد کیے ہیں۔ استغاثہ کے مطابق ٹرمپ صدارت کا عہدہ چھوڑنے کے بعد تقریباً 300 حساس نوعیت کی فائلیں پام بیچ میں واقع اپنی ساحلی رہائش گاہ مار۔اے۔لاگو لے گئے، جہاں ایک نجی ممبرز کلب بھی ہے۔
فرد جرم میں موقف اپنایا گیا ہے کہ مار۔اے۔لاگو میں کئی ہزار ارکان اور مہمانوں کی تواضع کی گئی اور اس بال روم میں بھی ان کی میزبانی کی گئی جہاں وہ دستاویزات رکھی گئی تھیں۔ اس کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ پہلی عدالتی پیشی منگل کو فلوریڈا کے شہر میامی میں متوقع ہے جو ان کی 77 ویں سالگرہ کا بھی دن ہوگا۔
کسی سابق امریکی صدر کے خلاف یہ پہلا مجرمانہ مقدمہ ہے، جس میں ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم میں عائد کرتے ہوئے الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے تفتیش کاروں سے جھوٹ بولا اور دستاویزات کو سنبھالنے میں ان کی تفتیش کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔